• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد عمر نے پرانا بجٹ برقرار رکھا اخراجات میں کمی نہیں کی، محمد زبیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کی رکن شاندانہ گلزار خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی تو شہباز شریف کی گرفتاری میں تاخیر بھی ہوسکتی تھی،شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج کرنا ن لیگ کا حق تھا، انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے سے لوگوں کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہوجاتی ہیں، گیس و بجلی کے نرخوں میں اضا فے کی تجاویز اوگرا اور نیپرا دے رہے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہی تھیں۔پر وگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ اور سابق گورنر سندھ محمد زبیربھی شریک تھے۔ محمد زبیر نے کہا کہ اسد عمر نے اخراجات میں کوئی کمی نہیں کی بلکہ پرانا بجٹ تقریباً برقرار رکھا ہے اپوز یشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر پارلیمنٹ کے باہر علامتی احتجا ج کیا ہے، عمران خان لاپرواہ اور غیرمحتاط لیڈر ہیں آئندہ مزید لاپرواہی کا مظاہرہ کریں گے،پی ٹی آئی خود اسی جگہ پھنس گئی ہے جہاں ن لیگ کو پھنسایا تھا۔ناز بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم اپنی ٹوئٹ میں ساٹھ لاکھ نوکریا ں دے چکے ہیں، قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے یہ رانگ نمبر ہے،سی این جی کی قیمت بڑھنے پر اسد عمر کے چہرے پر وہی دکھ بھرا تاثر دیکھنا چاہتی ہوں جیسا اپوزیشن میں ہوتا تھا۔شاندانہ گلزار خان نے کہا کہ ن لیگ کا احتجاج بہت مہذب اور کسی تشدد کے بغیر تھا،روزگار کے مواقع نجی شعبہ پیدا کرتا ہے،حکومت کا کام نہیں کہ سو لوگوں کی جگہ تین ہزار لوگ بھرتی کرلے،حکومت ایک عام آدمی کو تکلیف کیوں دے گی، ہماری کوشش تھی کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، ہم پہلے دن آئی ایم ایف کے پاس چلے جاتے تو بھی الزام لگتا، ہاؤسنگ اسکیم پر کام کرنے کیلئے تمام اداروں کو مقررہ وقت دیا گیا ہے۔

تازہ ترین