کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق صدر پرویز مشرف کو بدھ کے روز اچانک طعبیت خراب ہونے کے باعث مقامی اسپتال پی این ایس شفا میں داخل کروادیا گیااور ڈاکٹروں نے انھیں مکمل آرام اور ملک سے باھر علاج کا فوری طور پر مشورہ دیا ہے۔ اے پی ایم ایل سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سید طاھر حسین نے پارٹی کارکنوں اور ملک کے عوام سے پرویز مشرف کیلئے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی اس ہی ماہ میں تیسری مرتبہ اچانک طبعیت خراب ہوگئی اور وہ اپنی ریڑھ کی ہڈی میں شدید تکلیف محسوس کر رہے تھے۔فوری طور پر ان کے خصوصی معالج کو گھر بلوایا گیا جنھوں نے اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا۔اس کے بعد پرویز مشرف کو پی این ایس شفاء میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ڈاکٹروں نے انھیں آرام کا اور فوری طور پر علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیا ہے دیر کرنے کی صورت میں کہا گیا ہے کہ ان کی بیماری اور تکلیف میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔اے پی ایم ایل سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سید طاھر حسین نے حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درخواست کی ہے کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے اور انھیں علاج کیلئے ملک سے باھر جانے کی اجازت دے۔انھوں نے پارٹی کارکنوں اور ملک کے عوام سے بھی پروز مشرف کیلئے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔