• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل رضا کوجوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو چیف جسٹس پاکستان کے بارے میں توہین آمیز گفتگو کرنے پر درج مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

پولیس نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کی ہفتہ وار چھٹی کے باعث ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد سہیل ناصر کے روبرو پیش کیا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ میڈیا پر عدلیہ کے خلاف روز جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ آپ کو نظر نہیں آتا؟ یہ امتیازی سلوک کیوں؟ ایک شخص سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد نکل رہا تھا اسے گرفتار کر لیا گیا۔ یہاں تو لوگ درخواست دے دے کر مر جاتے ہیں مگر پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی اور یہاں خود مقدمہ درج کر لیا، حیرانگی ہو رہی ہے کہ پولیس اتنی ذمہ دار کیسے ہو گئی؟

انہوں نے کہا کہ کسی کی حمائت نہیں کر رہا بلکہ مساوی نظام کی بات کر رہا ہوں۔ عمران خان اور طاہر القادری اشتہاری ہونے کے باوجود تقریریں کرتے رہے ۔ سیون اے ٹی اے تو مذاق ہو گیا ہے ، جس پر دل چاہا انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات لگا دیں۔ اس سے پہلے بھی مقدمہ درج تھا ، اس مقدمے میں گرفتاری کے لیے کیا کوششیں کیں؟

سرکاری وکیل بے بتایا کہ پولیس ٹیم گرفتاری کے لیے کراچی گئی تھی مگر گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق سینیٹر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

تازہ ترین