• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک چلانے کیلئے پیسہ ہے نہ کوئی قرض دینے کو تیار، تحریک انصاف حکومت ناکام ہوئی تو آگے کوئی راستہ نہیں، شاہ محمود

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ ہے نہ کوئی قرض دینے کو تیار ہے، تحریک انصاف حکومت ناکام ہوئی تو آگے کوئی راستہ نہیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ اس ساری صورت حال کے باوجود ہمیں پرامید رہنا چاہئے کہ حالات جلد درست ہو جائیں گے۔ دفترخارجہ میں ملک بھر سے آئے سینئر صحافیوں سے خصوصی ملاقات میں وزیر خارجہ نے شعر پڑھا، ’’ہم مے خانے میں پہلے مفت کی پیتے تھے ، پھر سرکارکی پیتےرہے،پھر ادھار کی پیتے رہے ، اب بھیک میں بھی کوئی دینے کو تیار نہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عیاشی کی عادت نے تباہ کر دیا، ہمارے سیاستدانوں نے کبھی خود کو سنبھالنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ صحافیوں کے ایک سوال پر تحریک انصاف کی حکومت کے چند سخت اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ معیشت کی حالت خراب سے خراب تر ہو رہی ہے ۔ مہنگائی کے باعث عوام پریشان ہیں لیکن لوگوں کو یہ سمجھنا ہو گا ہمارے حکمران سرکاری خزانے سے عیاشیاں کرتے رہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی جمہوری حکومت صحافت کو دبانے کی جرات نہیں کر سکتی ۔ سوشل میڈیا بہت فاسٹ ہے آپ نہ خبر دبا سکتے ہیں نہ سنسر شپ عائد کر سکتے ہیں جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ حکومت میڈیا کو دباؤ میں لا رہی ہے وہ غلط کہتے ہیں۔ میڈیا کو دبانا ممکن ہی نہیں۔
تازہ ترین