بالی ووڈ فلم نگری میں پاکستانی اداکاروں و گلوکاروں کے کام پر جہاں کئی لوگ پابندی کا مطالبہ کرتے نظر آتے ہیں وہیں کئی بھارتی فلم انڈسٹری کے لوگ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے۔
بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی بالی ووڈ میں پاکستانی ہیرو فواد خان کے ساتھ م کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔
پرینیتی کا شمار بالی وڈ کی اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں فلم نگری میں اپنے قدم جمائے۔ وہ ’عشق زادے‘، ’ہنسی تو پھسی‘، ’کِل دِل‘ اور ’گول مال اگین' جیسی کامیاب فلمیں کرچکی ہیں۔
آج ان کی نئی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ ریلیز ہوئی جس میں وہ ایک بار پھر اداکار ارجن کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئی ہیں۔
پرینیتی اور ارجن نے فلم کی تشہیر زور وشور سے کی اور شائقین کو خوب متاثر کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پرینتی چوپڑا نے اپنے انٹرویو میں فلم’’نمستے انگلینڈ‘‘ میں پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کی آواز شامل کرنے پر بالی ووڈ کے چند افراد کو ہونے والے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی فلم ’’کل دل‘‘ میں پاکستانی اداکارعلی ظفر کے ساتھ کام کرچکی ہیں اوروہ پاکستانی فنکاروں پر بالی ووڈ میں پابندی کیخلاف ہیں ۔
پرینتی چوپڑا نے علی ظفر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بالکل بھی ایسا نہیں لگا تھا کہ علی کا تعلق کسی دوسرے ملک سے ہے، ہم لوگ بالکل ایک جیسے ہیں، کیونکہ ہمارے ملک تقسیم ہونے سے پہلے ایک ہی تھے۔
لہٰذا میں ذاتی طور پر بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے خلاف ہوں۔
پرینیتی کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے میں علی ظفر کے ساتھ ایک بار پھر کام کروں اور پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی بہت خواہش ہے۔
فواد خان ہماری انڈسٹری کے بہترین اداکار ہیں اگر مجھے موقع ملا تو ایک بار ان کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گی۔