گھر کے لان کی سجاوٹ ہو یا تعمیر، 2018ء میں لوگوں نے گھر کو ہرا بھرا رکھنے پر کافی توجہ دی ہے۔ جیسے گھر کی سجاوٹ پر دھیان دیا جاتا ہے، اسی طرح لان کو بھی خوبصورت بنانے پر توجہ دی جاتی ہے اوراس میں روشنی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ کچھ عرصہ قبل گھر کی تعمیر کے دوران اندرونی حصوں کے لیے تو روشنی کا خاص انتظام کیا جاتا تھا لیکن جب لان کی بات آتی تھی تو اس حصے میں لائٹنگ کا رجحان عام نہیں تھا۔لیکن وقت کے ساتھ اس رجحان میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ لان میں قدرتی روشنی تو آتی ہی ہے مگر اس حصے کو رات کے وقت کچھ مصنوعی روشنی کی بھی ضرورت ہوتی ہےکیونکہ غروب آفتاب کے بعد اس حصے کی چکا چوند میں اضافہ لائٹنگ ارینجمنٹ کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ یہ ارینجمنٹ کیسی ہونی چاہیے اس کےلیے درج ذیل منفرد آئیڈیاز اپنائے جاسکتے ہیں۔
سولر لائٹس
گھرکے بیرونی حصے کی لائٹنگ کے حوالے سے سب سے پہلے سولر لائٹس کی تنصیب پر غور کریں۔ پاکستان میں سورج کی تپش بہت زیادہ ہوتی ہے اور ماہرین زور دے کر کہتے ہیں کہ پاکستان میں سورج کی ریڈی ایشن اور درجہ حرارت کا موازنہ جرمنی سے کیا جائے تو پاکستان میں سولر پینلز سے33فیصد زیادہ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ سولر لائٹس کے لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے بجلی کے لوڈ کو ایل ای ڈی لائٹس لگا کر کم کیا جائے، یہ لائٹس بہت کم بجلی استعمال کرتی ہیں جبکہ یہ چلتی بھی طویل عرصے تک ہیں۔ یہ قدرے مہنگی تو ہوتی ہیں مگر طویل المیعاد عرصے کے حوالے سے دیکھا جائے تو کفایتی ہوتی ہیں۔
دیواروں کے بجائے فرشی روشنیاں
دیواروں میں لائٹس تو سب ہی لگواتے ہیں لیکن آپ اپنے لان کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے فرشی روشنیوں کا انتخاب کریں ۔ان روشنیوں کا استعمال عام طور پر عمودی باغ والی دیوار سے منسلک فرش پر کیا جاتا ہے، جس کا مقصد اس دیوار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنا ہوتاہے۔ یہ لائٹس فرش پر اوپری رُخ نصب کی جاتی ہیں، جو روشنی کو ہر طرف بکھیرتی ہیں۔ ان روشنیوں کی موجودگی رات کو پراسرار بنا دیتی ہیں۔ رات کے وقت یہاں چہل قدمی کرنا بڑا رومانوی لگتا ہے۔
خفیہ ایل ای ڈی لائٹس
گھر میں موجود سیڑھیوں پر روشنی کی اہمیت سے متعلق ہم اپنے مضامین میں پہلے بھی بات کرچکے ہیں۔ اگر آپ کے لان میں کوئی سیڑھی موجود ہے تو ہمارا مشورہ ہے کہ اس سیڑھی کو بھی روشنی کے بغیر بالکل نہیں ہونا چاہیے۔ سیڑھیوں کو منور کرنے کے لئے اس کے زینے پر لائٹس کےدلکش اور جدید اسٹائل اپنائیں مثلاً ہر زینےپر خفیہ ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کروائی جاسکتی ہے، جو بظاہر معلوم نہیں ہوتیں لیکن رات کے وقت آپ کے باغ کو جگمگاکر وہاں کا منظر دلکش بناسکتی ہیں ۔
درختوں پر روشنی
آپ نے درختوں کوپھل پھول سے سجا تو اکثر سنا اور دیکھا ہوگا لیکن روشنی فراہم کرتے درخت شاید نہ دیکھے ہوں۔ گھر کے اندرونی حصے میں داخلے سے قبل پورچ ایریا کو روشن کرنے کے لیے درختوں پر لائٹس لگانے سے بڑھ کر بہتر آئیڈیا نہیں ہوسکتا۔ شام کے وقت صحن اور باغ میں بیٹھ کر قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لئے باغ کے آغازیا اختتامی حصے میں درختوں پر لائٹس کی تنصیب کروائیں۔ اس کے لیے زمین پر لوہے کا اسٹینڈ بھی لگایا جاتا ہے، جس پر عام بلب سے بڑا بلب لگا کر باغ کو روشن کیا جاسکتا ہے۔
ہینگنگ لائٹس
کھر کے لان کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ڈیکوریشن لائٹس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ لائٹس شیڈ کے ساتھ ہوتی ہیں تاکہ دھوپ اور پانی سے محفوظ رہیں۔ اس حصے کےلیے ہینگنگ لائٹس کا انتخاب بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹے بلب اور روشنیوں کے ہار لٹکا کر باغیچے میں خوشگوار ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اگر کوئی راستہ سیڑھیوں کی جانب جاتا ہے تویہاں روشنی کاانتظام بیرونی حصے کی خوبصورتی کاباعث بنے گا۔
داخلی دیوار
مرکزی دروازے کے بعد گھر میں داخلے کے لیے جو دیوار سب سے پہلے آتی ہے، اسے لائٹس کے بغیر ہر گز نہیں ہونا چاہیے۔ دیوار کے دونوں حصوں میں ڈیکوریشن لائٹس کا استعمال خوبصورتی کے ساتھ کیا جائے تو گھر میں داخلے سے قبل ایک خوبصورت احساس پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے داخلی دیوار پر خوبصورت لائٹنگ پر ضرور غور کیجیے، یہ لائٹس ابھری ہوئی ہونے کے بجائے دیوار میں نصب ہوں تو زیادہ اچھا تاثر قائم کریں گی۔