جن لوگوں نے برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کا تحریر کردہ ناول ’’ہیری پوٹر‘‘ پڑھا یا دیکھا ہوگا، انھیں یقیناً اس سے لگاؤ ہوگا۔ ایک یتیم بچہ ہیری پوٹر، اپنے والدین کے قاتل جادوگر اوربدی کی طاقتوں کو نیست و نابود کرکے جادوگری کی دنیا کاشہنشاہ کہلاتا ہے۔ دنیا میں امن و محبت اور بھائی چارے کی علامت ہیری پوٹرسیریز اب ایک فرنچائز بن چکی ہے، جس کا چہرہ برطانوی اداکار ڈینئل ریڈ کلف کے نصیب میں آیا۔ وارنر برادرز نے ہیری پوٹر کو آٹھ حصوں میں فلمی روپ دیا، جس میں آخری ساتویں حصے کو دو حصوں میں بنایا گیا۔اس سیریز کی پہلی فلم2001ء میں ریلیز ہوئی لیکن اب ہیری پوٹر ویڈیو گیمز،فلموں اور کتابوں تک ہی محدود نہیں بلکہ ناول کے پس منظر کے مطابق بنایا جانے والافرنیچر،برقی آلات، صوفہ سیٹ،بیڈ روم،وال پیپرز مصنوعات بھی مقبول ہورہی ہیں، جن سے آپ اپنےبچوں کے کمرے کو ہیری پوٹر فلم کی طرز پر سجاسکتے ہیں۔
ہیری پوٹر فرنیچر اور برقی آلات
ایکوئیونے پوٹری بارن برانڈز اور وارنر برادرز کے تعاون سےگھر کی اندرونی سجاوٹ و آرائش کے لیے’’ہیری پوٹرتھیم انٹیریئر ڈیکوریشن‘‘ مصنوعات متعارف کرائی ہیں۔ اب آپ بھی ہیری پوٹر کی بیان کردہ جادوئی دنیا جیساجادوئی کمرہ سجا سکتے ہیں، جو آپ نے ناول یا فلم سیریز میں دیکھا ہے۔ وارنربرادرز کنزیومر پروڈکٹس کےچیف کریٹیو آفیسر سُو کُو(Soo Koo) کہتے ہیں،’’جے کے رولنگ کی ہیری پوٹر کتابوں میں بیان کی گئی جادوئی دنیا کو سب سے پہلے وارنربرادرز پکچر فلمز نے پردہ سیمیں پرمتعارف کرایا۔تخلیقیت کے ذریعے کہانی کہنے کے مختلف انداز کومک بکس، ویڈیو گیمز،میوزیمز اوربرقی مصنوعات کی صورت میں متعارف کرواکر جادوگرہیری پوٹر کو اسی طرح لافانی بنایا گیا ہے،جیسے ہم نے مکی ماؤس،سنڈریلا ،الٰہ دین جیسے کرداروں کو ڈزنی لینڈ کے پلیٹ فارم سے امر کر دیا ہے۔ پوٹری بارن،پوٹری بارن کڈز اور پی بی ٹین کی طرف سے نیا انتخاب، ہیری پوٹر فلمز میں مقبول کہانیوں اور کرداروں کی دوبارہ تخیل سازی کرکے مداحوں کو موقع فراہم کرتا ہےکہ اپنا طرزِ حیات جدت کے ساتھ جادو کے قدیم انداز میںتبدیل کرلیں‘‘۔ ہیری پوٹر مصنوعات میں وال پیپرز کے ساتھ پیتل کےشمع و فانوس، لوبیا کے دانوں سے بنے تھیلے، آرائشی گلاسز، ہیری کا پسندیدہ اُلو، بستر، کوسٹرز، ٹیبل کلاتھ اور کپ شامل ہیں۔
لائبریری شورزاسٹرپ وال پیپر
ہوگ وارٹس اسکول آف وچ کرافٹ اینڈ وزارڈی میں موجود کتابوں پر مبنی یہ دیواری تصاویر آپ کے بچے کے کمرے میں حقیقی معنوں میں جادوگر درس گاہ و کتب خانے کا سماں باندھیں گی۔ ان میں ہوگ وارٹس،تاریخ از باتھلڈا باگشوٹ اور دیگردانشورانہ موضوعات کی کتب کے عنوان سجائے گئے ہیں۔ یہ کسی بھی طالب علم کے لیے مطالعے کا بہترین کمرہ ہو سکتا ہے، چاہے سائنس کلاس روم ہویا کلاس روم اور نصابی کتب کے دیدہ زیب شیلف،اگر آپ ہیری پوٹر کے عاشق ہیں تو کمرے میںدیوار کا ایک حصہ ہوگ وارٹس فنِ جادوگری، اسکول یا کتب خانے کےوال پیپرز سے سجایا جاسکتا ہے۔ انہیں آپ تقریباً69 ڈالر میں ایمیزون سے آن لائن خرید سکتے ہیں۔
گولڈن اسنچ ٹاسک لیمپ
ضروری کام کرنے کے لیے المونیم اور آئرن کےفیشن سے آراستہ ہیری پوٹر تھیم پر بنائی گئی سنہری رنگ کی یہ شمع و قندیل آپ کے لیےبہترین تحفہ ثابت ہوسکتی ہے،جس کی تیزسنہری روشنی کمرے کو جادوئی بنانے میں کافی ہے۔ اس سحر زدہ ماحول میں ہیری پوٹر ناول پڑھنے کا لطف بھی دوبالا ہوجاتا ہے۔یہ قندیل جادوگروں کے قومی مقابلے’’ کوئڈچ‘‘( Quidditch ) میں استعمال کی گئی۔
ہوگ وارٹس ایکسپریس ٹرین بیڈ
ہوگ وارٹس ایکسپریس ٹرین میں سواری آپ کا خواب ہوسکتی ہے، اس لیے اس سے مماثل بستر، اُلو سمیت تمام نوادرات، سفر کا ویسا ہی ماحول مہیا کرسکتی ہیں۔ بستر کے ساتھ تین چھوٹی،دو درمیانی اور ایک بڑی دراز پر مشتمل سیاہ رنگ کی کیبن میںآپ اپنے بچوں کے کپڑے، کھلونے،نصابی کتب،اسٹیشنری اور کاپیاں سلیقے سے رکھ سکتے ہیں۔
ہاؤس کریسٹ بین بیگز
اپنے عام استعمال کے کمروں کو بھی آپ ہوگ وارٹس جادوگری اسکول و لائبریری میں پائی جانے والی چیزوں سے سجا سکتے ہیں۔ چار ہاؤسز گرفن ڈور،ہفل پف،ریون کلا اور سلی تھیرن کے نقوش و ڈیزائن سے سجے کینواس پر مبنی کورڈ سیٹس،آتش دان کے اوپر مثلث کی طلسمی علامت اور لکڑی کا فرنیچر کمرے کو چلتا پھرتا جادوئی ڈبہ بنادیتے ہیں۔
ہارڈ سائیڈڈ لگیج بنڈل
نئے کمرے کو سجائیں یا پھر بُل ویسلی سے ملنے مصرجائیں، ہر دوصورتوں میں ہوگ وارٹس کے جادوئی اسکول سے تعلق رکھنے والے یہ سفری بیگ آپ کے لیے سیاحت کا منفرد تجربہ ہوں گے، جن کی آپ کے کمرے میں موجودگی دیکھنے والوں کو آپ کے جادوگری ذہن کی داد دئیے بنا نہیں رہ سکے گی۔22اور 28انچ سوٹ کے کیس آپ کے کمرے کی رونق دوبالا کریں گے۔
ہوگ وارٹس کیسل
ہیری پوٹر کی جادوئی کائنات کو آئےکئی سال بیت گئے لیکن بچوں اور بڑوں میں اس سے والہانہ شگفتگی آج تک کم نہیں ہوئی۔ اس کا اظہاریونیورسل اسٹوڈیوز ہالی ووڈ کے نئے تھیم پارک میں’’ہوگ وارٹس کیسل‘‘ سے ہوتا ہے،جس کے آرٹ ڈائریکٹر ایلن گلمور ہیں۔ امریکی ریاستوں اورلینڈو ،فلوریڈا اور جاپان کے شہر اوساکا کے تھیم پارکس کی مانند لاس اینجلس ورژن کو بھی جے کے رولنگ کی انتہائی تفصیلی جادوئی دنیا کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔ یہاںہوگس میڈ کی گلیوں سے لیکر ہوگ وارٹس ہالز تک تمام چیزیں آجاتی ہیں۔ سیٹ ڈیزائننگ کیلئے ہیری پوٹر فلم کے سیٹ ڈیزائن کرنے والے ماہرین اور پروڈکشن ڈائریکٹر اسٹاؤرٹ کریگ اور آرٹ ڈائریکٹر ایلن گِل مور کی خدمات حاصل کی گئیں۔