• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امرتسر: ٹرین نے 60 افراد کو کچل دیا، 100 سے زائد زخمی

بھارتی شہر امرتسر کے قریب ٹرین حادثے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نریندرا مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لئے فی کس دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔


پولیس حکام کے مطابق ٹرین حادثہ دسہرہ کے تہوار کے موقع پر پیش آیا ،لوگ ٹرین کی پٹری پر بیٹھے آتش بازی دیکھ رہے تھے، شور کی وجہ سے لوگ ٹرین کی آواز نہ سکے اور اس کی ذد میں آگئے۔

امرتسر پولیس کمشنر شری واستو نے بتایا کہ ’حادثے میں 60 ہلاک ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا‘۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ امرتسر اور ماناوالا کے درمیان 27 نمبر جودھا ریلوے پھاٹک پرپیش آیا، حادثے کے وقت کئی سو افراد ریلوے ٹریک کے قریب دسہرے کے جشن میں شریک تھے اور ’راون ‘ کے پتلے کو جلتا دیکھ رہے تھے کہ لوکل ٹرین نے ریلوے لائن پر کھڑے افراد کو کچل دیا۔

ریلوے حکام کے حوالے سے ایک بھارتی چینل نے کہا کہ ’مخالف سمت سے 2 ٹرینیں ایک ہی وقت میں آنے کی وجہ سے لوگوں کو بھاگ کر جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا‘۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق عینی شاہدین نے حادثے کا ذمہ دار انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی آمد سے متعلق کوئی الارم نہیں بجایا گیا، جائے حادثہ پر 700 سے زائد افراد موجود تھے۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ امرندر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کی از خود نگرانی کرنے کے لیے فوری طور پر امرتسر پہنچ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’میری حکومت کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے دیے جائیں جبکہ زخمیوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی‘۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے امرتسر حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو بروقت امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔

بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ٹوئٹ کیا کہ ’امرتسر میں ریلوے ٹریک پر حادثے کا سن کر دھچکا لگا، ریلوے اور مقامی حکام متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ’ حادثے سے متعلق وزیر داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پولیس سے بات کی ہے، وہ جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں، اس غم کی گھڑی میں مرکزی حکومت ریاست کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی‘۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اپنے ٹوئٹ میں امرتسر میں حادثے کی مذمت کی اور علاقے میں موجود تمام رضاکاروں کو امدادی کارروائیوں میں حکام کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’ پنجاب میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں 50 افراد کی ہلاکت افسوس ناک ہے‘۔

انہوں نے ریاستی حکومت اور کانگریس اراکین کو متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔

تازہ ترین