• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کی بی ٹیم تحریک انتقام کا حصہ بن گئی،صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے ذریعے اپنے غیر حقیقی اقتدار کو دوام بخشنا آمریت پسندوں کا وطیرہ ہوا کرتا تھا مگر تبدیلی کی آڑ میں جمہوریت پسندی کے دعویداروں کا آئین سے کھلواڑ پہلی مرتبہ منظرعام پر آیا۔ دراصل 18ویں ترمیم 19 اپریل 2010ء سے اب تک جمہوری عمل کو بارہا سبوتاژ کرنے والوں کو کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی بازگشت وفاق اور صوبوں کے درمیان حائل خلیج کو مزید وسیع کرنے کا باعث بن سکتی ہے آئین کو بے توقیر کرنے کے کئے جانے والے فیصلوں نے ماضی میں بھی بارہا ہماری نظریاتی اکائیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اگر جمہوریت کا لبادہ اوڑھے موجودہ حکمران بھی اسی ڈگر پر چل نکلے تو یہ سامراجی ایجنڈے کی جانب اس پیشرفت کا حصہ ہوگا جو ملک کے ایٹمی قوت بننے سے اب تک جاری ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ جمہوریت پسند قوتیں بھی اس حقیقت کا ادراک کرچکی ہیں کہ 18 ویں ترمیم کے خاتمے کا ایک مقصد پرویز مشرف کی واپسی سے بھی ہے کیونکہ ملک کی باگ ڈور اس وقت مشرف کی بی ٹیم کے ہاتھ میں ہے جو اپنے آقا کی آشیرباد سے تحریک انتقام کا حصہ بنی ہوئی ہے۔
تازہ ترین