• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ ستاروں کے خوبصورت ’’فارم ہاؤس‘‘

ہم میں سے کتنے ہی لوگ ایسے ہوں گے جو زندگی کی مصروفیات اور آلودہ فضا سے اکتا کر کچھ دن کے لیےشہر سے کہیں دور پرفضا مقام پر سانس لینا چاہتے ہیں اور اگر وقت یا جیب سے اجازت نہیں دیتی تو ہم اس پرسکون ماحول کے لیے اکثروبیشتر فارم ہاؤس کا رخ کرتے ہیں۔ فارم ہاؤس خوبصورت اور پُرفضا مقام ہونے کے ساتھ شورشرابے سے دور سکون کا گوشہ لیے کسی بھی انسان کابہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے پسندیدہ سیلیبرٹیز بھی فارم ہاؤس پر وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں؟ فلمی دنیا کے بیشتر سیلیبرٹیز یا تو چھٹیاں گزارنے کے لیے فارم ہاؤسز جاتے ہیں یا پھر گارڈننگ اور فارمنگ کا شوق پورا کرنے کی خاطر۔ بالی ووڈ کی نگری ہو یا ہالی ووڈ کی، بے شمار سیلیبرٹیز نہ صرف خوبصورت، مہنگے اور اعلیٰ ترین گھروں یا پینٹ ہاؤسز کےمالک ہیں بلکہ وہ فارم ہاؤس کا بھی شوق رکھتے ہیں۔ بالی ووڈ سیلیبرٹیز کے کچھ ایسے ہی فارم ہاؤسز کو آج ہم نے اپنی تحریر کے لیے منتخب کیا ہے۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا ممبئی میں واقع عالیشان گھر’’ منت‘‘ تو اپنی خوبصورتی اور فن تعمیر کے سبب خبروں کی زینت بنتا ہی رہتا ہے لیکن شہری زندگی سے دور پر فضا مقام پرچھٹیاں گزارنے کے لیے شاہ رخ خان نے ایک فارم ہاؤس بھی تعمیر کروایا ہے۔ یہ فارم ہاؤس مہاراشٹرا کے ساحلی قصبے ’علی باغ‘ میں واقع ہے، جس پر پہنچنے کے لیے بوٹ کا سہا را لینا پڑتا ہے۔ شا ہ رخ خان نے فارم ہاؤس کے لیے یہ جگہ 2015ء میں خریدی تھی۔19ہزار960مربع میٹر پر شاہ رخ کا یہ خوبصورت فارم ہاؤس تعمیر کیا گیا، اس کی حالیہ مالیت تقریباً 15 کروڑ روپے ہے۔ اس فارم ہاؤس کی سب سے بڑی خاصیت اس کا سی فیسنگ (سمندر کے سامنے ) ہونا ہے، اس کا انٹیریئر شاہ رخ خان کی بیگم گوری خان نے خود ڈیزائن کیا ہے۔ اگر فارم ہاؤس کے اندرونی حصے کی بات کریں توفٹبال کے شوقین شاہ رخ خان کے فارم ہاؤس میں فٹبال کاایک بڑا گراؤنڈ، سوئمنگ پول اور ماڈرن طرز کا جم بھی بنایا گیا ہے۔ 

سلمان خان

سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے مہنگے اور امیر ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے تو بھلایہ کیسے ممکن ہے کہ فارم ہاؤس کا ذکر ہو اور سلمان خان اس پرسکون زندگی اور اس کی ملکیت میں پیچھے رہ جائیں۔ سلمان خان کا پرتعیش فارم ہاؤس ممبئی سے دور پر فضا مقام ’پان ویل‘ میںتعمیر کیا گیاہے۔ ماضی میں یہ فارم ہاؤس پان ویل فارم ہاؤس کے نام سے جانا جاتا تھا، جسے اب ارپیتا(سلمان خان کی چھوٹی بہن ) فارم ہاؤس کا نام دیا گیا ہے۔ دوست احبا ب کے ساتھ موج مستی ہو یا پھر سلمان خان یا ان کے دوستوں کی سالگرہ کی تقریبات، پان ویل نامی یہ فارم ہاؤس ان تمام سرگرمیوں کا مرکز بنتا ہے۔ یہ فارم ہاؤس 150ایکڑ کی وسیع وعریض اور خوبصورت زمین پر محیط ہے۔ فارم ہاؤس کا انٹیریئر نہایت خوبصورت ہے جبکہ سوئمنگ ایریا کے ساتھ تمام سہولتوں کا حامل جدید جم بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں اور پرندوں کے لیے بھی اس فارم ہاؤس میںخوبصورت جگہ رکھی گئی ہے۔

اجے دیوگن

اجے دیوگن کی اداکاری سے توسب ہی متاثر ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اجے نہ صرف اچھے اداکار ہیں بلکہ اچھے فارمر بھی ہیں اور فارمنگ کے شوق کو پورا کرنے کی خاطر بالی ووڈ ہیرو نے ممبئی کے نزدیکی شہر کرجات میں فارم ہاؤس تعمیر کروایا ہوا ہے۔ فارم ہاؤس 28ایکڑ رقبے پر محیط ہےجہاں اجے گزشتہ تین سال سے چھٹیاں گزارنے جارہے ہیں۔ اجے کے فارم ہاؤس کی خاصیت اس کے تعمیراتی فن سے زیادہ اس میں کی گئی کاشت کاری ہے۔ اجے کے فارم ہاؤس میں تقریباً 4500پپیتے کے درخت،2500کیلے کے درخت اور500گرین بیری کے درخت ہیں۔ اس کے علاوہ اجے کے فارم ہاؤس میں آم بھی کثرت سے پائے جاتے ہیں۔

سنیل شیٹھی

بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو سنیل شیٹھی کا نام بھی فارم ہاؤس رکھنے والے اداکاروں میں پیش پیش ہے۔ سنیل شیٹھی کا فارم ہاؤس کھنڈالہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ فارم ہاؤس بھی دیگر فارم ہاؤسز کی طرح حیرت میں ڈال دینے کے لیے کافی ہے۔ سنیل شیٹھی اپنے فارم ہاؤس کو سیکنڈ ہوم کہتے ہیں۔ فارم ہاؤس کا منفرد ڈیزائن، تعمیر میں لکڑی کا خوبصورت اور نفاست سے استعمال، فارم ہاؤس کے اندر موجود جھیل اور خوبصورت اعلیٰ نسل کے فارمی جانور اسے انفرادیت بخشتے ہیں۔ سماجی میل جول کے شوقین اداکارسنیل شیٹھی پارٹیز کے لیے اس فارم ہاؤس کا انتخاب کرتے ہیں، جس میں موجود انفینٹی پول جگہ کی خوبصورتی کومزیدچار چاند لگادیتاہے۔

تازہ ترین