• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ایشیاء کپ، پاکستان ٹیم کی شیڈولڈ پریس کانفرنس با ضابطہ منسوخ

ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی یو اے ای کے خلاف میچ کے حوالے سے آج شیڈولڈ پریس کانفرنس باضابطہ طور پر منسوخ کردی گئی۔

ٹیم ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نے آج شام ساڑھے 7 بجے پریس کانفرنس کرنا تھی۔

ذرائع کے مطابق ٹی20 ایشیاء کپ میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ کل کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ کے ساتھ ہی ریفری کے حوالے سے کھڑا ہونے والا تنازع اب تک حل نہیں ہو سکاہے

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ اگرپاکستان کا اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ نہ مانا گیا تو پاکستان ٹیم ایشیاء کپ سے دستبردار ہو جائے گی۔

ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ میں پائی کرافٹ نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹاس سے پہلے کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ ٹاس پر ہینڈ شیک نہیں ہو گا۔

ایشیاء کپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل نے پاکستانی منیجر کو بتایا تھا کہ ہینڈ شیک نہ کرنے کے حوالے سے بھارتی بورڈ کی ہدایت تھی جس پر ریفری نے عمل درآمد کیا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کل (بدھ کو) ہونے والے ایشیاء کپ کے میچ میں ریفری کون ہو گا؟ یہ فیصلہ بھی تاحال نہیں ہو سکا ہے۔

پی سی بی نے آئی سی سی سے باضابطہ طور پر ریفری پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کی درخواست مسترد کر دی اور اس حوالے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا۔

اسی ضمن میں پاکستانی ٹیم کی میچ سے ایک روز قبل آج اہم پریس کانفرنس ہونی تھی جو ٹیم نے منسوخ کر دی ہے البتہ ٹیم نے معمول کے مطابق ٹریننگ میں حصہ لیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید