• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے ساتھ ایسا کتنی بار ہوتا ہے کہ جب رات کی نیند لے کر اُٹھتے ہیں تو آپ کا تکیہ آپ کے ٹوٹے ہوئے بالوں کی گواہی دے رہا ہوتا ہے؟ اگر آپ کے بال تیزی سے اور بڑی تعداد میں گررہے ہیں تو یقیناً یہ ایک پریشانی والی بات ہے۔ خوش قسمتی سے، آپ اپنے لائف اسٹائل ، خصوصاً اپنی غذا میں تبدیلی لاکر ،اپنے بالوں کو نہ صرف گرنے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ آپ کے کمزور بال مضبوط بھی ہوجاتے ہیں۔ بالوں کو مزید گرنے سے روکنے، انھیں مضبوط اور خوبصورت بنانے کے لیے آپ کو اپنی غذا میں درج ذیل پانچ ’سپرفوڈز‘ شامل کرنے چاہئیں۔

گری دار میوہ (Nuts)

اخروٹ اور بادام غذائیت سے بھرپور ہیں، خصوصاً بائیوٹن، بی وٹامنز، اومیگا 3 اور 6فیٹی ایسڈز، پروٹین اور میگنیزیم کا خزانہ ہیں، جو بالوں اور سر کی جِلد کو مضبوط بناتے ہیں۔ گری دار میوے کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ کے کمز ور اور پتلے ہوتے بال مضبوط ہونگے اور ان میں خوبصورتی اور چمک پیدا ہوگی۔ماہرین کے مطابق، اس ضمن میں ان غذاؤں کا روزانہ استعمال کرنا ضروری ہے۔دن میں کم از کم 20 گرام خشک میوہ جات کھانے کی تجویز دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ میوہ جات امراض قلب میں 30فیصد، کینسر میں 15فیصد اور قبل از وقت موت کے خطرے میں 21فیصد کمی کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ذیابطیس کے خلاف بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس کے خطرے میں 40فیصد کمی کرتے ہیں۔کچھ میوہ جات میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی شامل ہوتے ہیں، جو ذہنی تناؤ اور کینسر سے حفاظت فراہم کرتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جوگری دار میوے کھاتے ہیں، ان کا وزن ان افراد سے کم ہوتا ہے ، جوگری دار میووں کو نظرانداز کرتے ہیں۔ میوے کھانے والوں کا پیٹ اور جسم میں چکنائی بھی کم ہوتی ہے ۔

قینوا(Quinoa)

قینوا ایک بوٹی کا نام ہے، جس کے بیج کھائے جاتے ہیں، اس کیلئے اردو زبان میں خاص لفظ تو موجود نہیں، تاہم عمومی طور پر یہ باجرہ کہلاتا ہے، جوکہ ایک بیج ہے۔ اگر آپ سے پوچھا جائے کہ کیا کسی ایک چیز میں مکمل پروٹین مل سکتا ہے؟ تو آپ بلا جھجک قینوا کا نام لے سکتے ہیں۔ یہ بات آپ کو ناقابل یقین محسوس ہوسکتی ہے کہ قینوا میں تمام کے تمام نو ضروری امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں، جو مضبوط اور دلکش بالوں کی نشوونما کرتے ہیں۔ اس بیج کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بالوں اور سر کی جِلد، دونوں کو اندر سے بحال اور مضبوط بناتا ہے۔ صرف یہی نہیں، یہ بالوں کے ٹوٹے ہوئے سروں کو بحال کرکے ان کے دو منہ کو ختم کرتا ہے۔ مزید برآں، قینوا میں وٹامن ای بھی موجود ہوتا ہے، جس سے بالوں کا گرنا کم ہوجاتا ہے۔

انڈہ اور ڈیری مصنوعات

انڈہ اور ڈیری مصنوعات، سب کی سب، پروٹین سے بھرپور غذائیں ہیں، جو بالوں کی نشوونما اور بالوں کو مضبوط اور موٹا بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔دہی، دودھ، انڈے، دیگر غذائی خصوصیات جیسے وٹامن بی 12، اومیگا 6 فیٹ ایسڈز، آئرن اور زِنک سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔ اگر آپ یہاں تک بھی مطمئن نہیں تو آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ چیزیں بائیوٹن سے بھی بھرپور ہوتی ہیں۔ بائیوٹن ایک ایسی غذا ہے، جو بالوں کو گِرنے سے روکتی ہے، اس لیے انڈے اور ڈیری مصنوعات کو اپنی روزانہ کی غذا میں ضرور شامل رکھیں۔

پالک

آپ پالک کا مقابلہ دنیا کے کسی بھی ’سپرفوڈُ سے کرسکتے ہیں۔ سبز پتوں والی اس ایک سبزی میں غذائیت کی ایک دنیا سمائی ہوئی ہے۔ اس میں وٹامن K، وٹامن A، وٹامن C، وٹامن B2، وٹامن B6، وٹامن B1، وٹامن E، میگنیز، زِنک، آئرن اور اومیگا 3فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں۔پالک میں موجود غذائیت آپ کے بالوں اور سر کی جِلد کی مضبوطی کو یقینی بناتی ہے۔ پالک میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو بالوںاور سر کی جِلد کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھتے ہیں، جبکہ وٹامن B اور وٹامن C بالوں کی نشوونما کرتے ہیں۔

اسٹرابیری

اسٹرابیری کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ پھل بالوں کو پتلا اور کمزور ہونے سے روکنے اور بالچر (جسے بال خورہ بھی کہا جاتا ہے) سے روکتا ہے۔ اسٹرابیری میں Ellagic ایسڈ پایا جاتا ہے، جو بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے، جس سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں۔ اسٹرابیری میں فولک ایسڈ، وٹامن B6اور وٹامن B5بھی پایا جاتا ہے، جو بالوں کے لیے زبردست وٹامنز ہیں۔

اگرچہ بالوں کا گرنا اور کمزور پڑنا، ایک پریشان کن مسئلہ ہے، تاہم کوئی وجہ نہیں کہ آپ اپنی غذائیت کو بہتر بناکر اور ان سپر فوڈز کو اپنی روز مرہ کی غذا میں شامل کرکے صحت مند بال حاصل نہ کرپائیں۔ خوش قسمتی سے یہ غذائیں نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہیں بلکہ یہ آپ کا صحت مند وزن بھی برقرار رکھتی ہیں۔

تازہ ترین