• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرش کی تعمیر میں جدید انداز اپنائیں

فرش کے مختلف ڈیزائن اپناناجدید سے جدید اور قدیم سے قدیم تعمیرات کا بنیادی حصہ رہا ہے، جس کےبغیرتعمیر کا تصور ہی ناممکن ہے۔ گھر میں جدت فرش کے نت نئے ڈیزائن سے بھی لائی جاسکتی ہے۔ صدر دروازے سے لے کر بیڈ روم سمیت گھر کاہر حصہ اسی فرش کے ساتھ منسلک ہوتاہے، چنانچہ فرش کے ڈیزائن کا انتخاب اگر ٹرینڈ کے مطابق کیا جائے تویہ بنیادی جزو بطورضرورت ہی نہیں بلکہ بطور سجاوٹ بھی خاص اہمیت رکھنے لگتا ہے۔ آج کل چونکہ فرش سیمنٹ یا ماربل کے علاوہ لکڑی ،ٹائلز، وینائل ، کارک یا لیمیننٹ کا بھی ہوتا ہے، اس لیے گھرکی تعمیر کے دوران فرش کا انتخاب بھی خاصا سوچ سمجھ کر کریں۔ آپ کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ کون سے فرش ٹرینڈ کا حصہ ہیں اور کون سے ٹرینڈ سے آؤٹ۔

ہالہ ٹائلز اور کشیدہ کاری

کشیدہ کاری کیے گئے ٹائلزلگوانا ایک ایور گرین ٹرینڈ ہے، جسے ہر دور میں ہی پسند کیا جاتا رہا ہے۔ دورِ جدید میں بھی یہ ٹائلز عمارتوں کا حسن بڑھانے میں بھی ایک خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ فرش کے لیے نہ صرف جدید بلکہ دلکش کشیدہ کاری والے کاشی ٹائلز لگوانے کارجحان زور پکڑ رہا ہے۔کاشی ٹائلز پاکستان کی ایک خاص پہچان ہیں۔ حیدرآباد سے تقریباً ایک گھنٹے کی ڈرائیو پر ہالا شہر واقع ہے اور ہاتھ کاہنر اس شہر کی خاص پہچان ہے، اس ہنر کو بلو پوٹری بھی کہا جاتا ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹائلز پر کشیدہ کاری کا کام کیا جاتاہے۔ ہالا ٹائلز بھی اسی ہنر کے سبب خاصے مشہور ہیں، یہ ٹائلز عموماً بڑی جگہوں کے لئےزیادہ موزوں اور مناسب ہیں ۔ تاہم اگرآپ چھوٹی جگہوں کے لئے کشیدہ کاری سے مزین ٹائلز کا انتخاب کریں تو مناسب رہے گا۔ ان دلکش ٹائلز کی مدد سے آپ گھر کےمختلف حصوں کا ماحول تازہ اور خوبصورت بناسکتے ہیں۔ آج کل پاکستان میں نقش ونگار سے مزین ملتانی طرز کے خوش رنگ ٹائلز سے لے کر سادہ رنگوں میں سُچی ٹائلیں دستیاب ہیں۔ آپ اپنے ذوق کے مطابق ٹائلز کا انتخاب کرکے فرش اور دیواروں کو اچھوتا بنا سکتے ہیں ۔

لکڑی کا فرش

گھر کی تعمیر میں لکڑی کا استعمال بھی ایک ایسا ٹرینڈ ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ لکڑی سے بنائے گئے فرش درجہ حرارت کنٹرول کرنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ لکڑی کا فرش اپنے اندر ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی رکھتا ہے۔ اگرچہ لکڑی کافرش عام فرش کی بنسبت زیادہ مہنگا ہوتا ہے لیکن ایک بار تعمیر کے بعد پائیداری اور خوبصورتی کے سبب یہ آپ کے گھر کو توجہ کا طلب گار بنادے گا اور یہ توجہ آپ کو تعریفی کلمات تک وصول ہوگی ۔

سیرامک ٹائل کے فرش

سیرامک فرش عام طور پربہت زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں کیونکہ ان کے بہت زیادہ فائدے ہیں، اس کی دیکھ بھال پر یا مرمت پر بہت کم خرچہ آتا ہے اور اس کو صاف کرنا بھی بہت آسان ہے۔ ان تمام خصوصیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کی بہت ڈیمانڈ ہے کیونکہ اس کی بناوٹ ہاتھ سے بنی ہوئی لگتی ہے۔ آج کل سیرا مک ٹائل پر کی گئی ڈیجیٹل پینٹنگ خاصی مشہور ہے، جس کے سبب یہ ٹائل فرش پر نصب ہونے کے بعد خاصے خوبصورت نظر آتے ہیں اور ان کی تنصیب حقیقی محسوس ہوتی ہے۔

لیمینیٹ فرش

لیمینیٹ فلورنگ 2018ء کے مقبول ٹرینڈ میں سے ایک ہے۔ اس ٹرینڈ اوراسٹائل کی بہت سی اقسام اور رنگ مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔لیمینیٹ فرش عام طور پرلکڑی سے تیار کے گئے محسوس ہوتے ہیں، جو گھر کو رسٹک ٹچ دینے میں کافی مددگار ہیں۔ اس کے بہت سے ڈیزائن اور آئیڈیاز دستیاب ہیں، جن میں سے آپ کوئی ایک اپنے لیےمنتخب کر سکتے ہیں۔

قدرتی مناظر سے مزین فرش

آپ کافرش چاہے کسی بھی مواد کے ساتھ مثلاً ہالا ٹائلز کاہو، ماربل یاپھر بھلے لکڑی کا، آپ اس فرش کو ایسی سحر انگیز تصاویر سے سجا سکتے ہیں کہ ان کو دیکھ کر حقیقت کا گمان محسوس ہوگا۔ فرش پر ان تصاویر کی تنصیب کو تھری ڈی فلورنگ کا نام دیا جاتا ہے، جس کے سبب دیکھنے والوں کو گھر میںجنگل کی رعنائی، سمند ر کا سماں، بادلوں کی سواری جیسےتجربات کا احسا س ہوتا ہے۔ یہ فریب نظری یا جدّت طرازی، تھری ڈی فرش کی مرہونِ منت ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ گھر میں آئے مہمانوں کو حیران کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر فرش پر بنی سمند رکی تھری ڈی تصویر سے آپ کو سمندر چلتا ہوا اور جھلملاتا دکھائی دے سکتا ہے۔

تازہ ترین