سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے مفاہمت کا اشارہ دیدیتے ہوئے کہا کہ ایسی بات نہیں کہ نواز شریف سے فاصلے کم ہوہی نہیں سکتے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نوازشریف سے دوریاں ختم کرنے کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ نوازشریف نے ایک غم دیا ہو تو بتائوں،میں جو کیس بھگت رہا ہوں وہ نوازشریف نے بنایا،لیکن ایسی بات نہیں کہ فاصلے کم ہو ہی نہیں سکتے۔
اس موقع پر انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کے خلاف قرار داد لائیں کیونکہ عمران خان سلیکٹڈ پرائم منسٹر ہیں،نہ یہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ہی ملک چلاسکتی ہے۔
این آر او سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر کہا کہ انھیں این آر او کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، بعد میں سارے کیس کُھل گئے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب خود برے نہیں ہیں،ان کی سوچ و طور طریقے برے ہیں انہیں لگایا ہم نے ضرورت تھا مگر کرسی پر بیٹھ کر ان کی سوچ بدل گئی ہے۔
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ حکومت کی نااہلی کم وقت میں سامنے آگئی، جب ہماری حکومت آئی تب بھی حالات ایسے ہی تھے ،ہم نے اپنے دور میں مستقبل کی پالیسیاں بنائیں جو میاں صاحب کو پسند نہ آئیں اور انہوں نے ختم کردیں۔