اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری سیاستدانوں کے بجائے وکلاء سے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اس کیلئے ووٹ چاہئیں ہوتے ہیں، وہ نوٹ کے چکر میں ووٹ کھو چکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب میں جو احترام وزیر اعظم عمران خان کو ملتا ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آج مسلم امہ میں پاکستان کا کیا مقام ہے اور عمران خان کو مسلم امہ کیا اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران صرف چند گھنٹے ہی آرام کر سکے ہیں، ان کا پورا دن مصروف رہا ۔وزیراعظم کی مصروفیات میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت، خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔