• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’خاشقجی کے قتل پر سعودیہ نے بھونڈی پردہ پوشی کی‘



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہاہے کہ سعودی صحافی خاشقجی قتل کیس میں سعودی عرب نے پردہ ڈالنےکی تاریخ کی بدترین کوشش کی۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ منصوبہ شروع سے ہی بہت ناقص تھا اور پھر اس پر عمل بھی بہت برے طریقے سے کیا گیا اور اس کی پردہ پوشی تو تاریخ میں سب سے بری تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس کسی نے بھی اس کی منصوبہ بندی کی تھی وہ بہت مشکل میں ہوگا اور اس کو ہونا بھی چاہیے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہا ہے کہ امریکہ اس قتل کے ’ذمہ داران کو سزا دے گا‘ اور اس معاملے میں ملوث 21 ملزمان کے ویزے منسوخ کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں ان کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کے مطابق ان افراد کا تعلق سعودی خفیہ اداروں، رائل کورٹ اور وزارتِ خارجہ سے ہے۔

اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی منصوبہ بندی کئی دن پہلے کی گئی تھی۔

ترک صدر کا کہنا تھا ترکی کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کے 'وحشیانہ قتل کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے حوالے سے سعودی حکام نے متفرق وضاحت دیتے رہے جیسے انھوں نے تقریباً دو ہفتے تک اس بات پر اصرار کیا کہ وہ زندہ ہیں اور اسی روز قونصل خانے سے واپس چلے گئے تھے۔

تاہم گذشتہ ہفتے سعودی حکام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ 59 سالہ صحافی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قتل سعودی شاہی خاندان کی اجازت کے بغیر ہونے والی ایک باغیانہ کارروائی کے دوران ہوا۔

تازہ ترین