• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریمئر لیگ فٹ بال، ایئرفورس اور کے آر ایل کا میچ برابر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پاکستان ایئر فورس اور خان ریسرچ لیبارٹریز کا ایک ایک گول سے جبکہ واپڈا اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مقابلہ بھی 2 ، 2 گول سے برابر رہا۔ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کے آر ایل اور پاکستان ایئر فورس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کے آر ایل کے دانش احمد نے 43 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو ہہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں ایئرفورس نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور کے آر ایل کے گول پر کئی حملے کئے بالاخر63 ویں منٹ میں عرفان علی نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ1-1 سے برابر کردیا۔ دوسرے میچ میں واپڈا اور سول ایویشن اتھارٹی کے درمیان مقابلہ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے کئی مواقع حاصل کئے لیکن کامیابی نہیں ہوئی پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرا ہاف انتہائی سنسنی خیز رہا اور چار گول اسکور ہوئے۔ میچ کا پہلا گول کھیل کے 56 ویں منٹ میں محمد نعیم اور 72 ویں منٹ میں سعید نے گول کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برتری دلائی لیکن واپڈا کے فارورڈز نے بھی ہمت نہ ہاری اور 3 منٹ بعد ہی محمد خرم نے خسارہ کم کردیا جبکہ 5 منٹ بعد محمد احمد نے گول کرکے مقابلہ 2 ، 2 گول سے برابر کردیا۔

تازہ ترین