• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

زرداری بھی ”ڈونکی کنگ“ دیکھنے کے مشتاق، فلم کا بزنس 11کروڑ


کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ کا کامیاب اور شاندار سفر جاری ہے۔ سیاست کے بادشاہ آصف علی زرداری نے بھی کہہ دیا کہ وہ ”ڈونکی کنگ“ دیکھنا چاہتے ہیں۔ سابق صدر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کے آپ نے جیو کی فلم ڈونکی کنگ دیکھی ہے یا کب تک دیکھیں گے؟ ۔ تو آصف زرداری نے نہایت خوش گوار موڈ میں ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میں نے یہ فلم ابھی تک نہیں دیکھی لیکن کوشش کررہا ہوں ایک دو روز میں یہ فلم دیکھ لوں۔ جیوفلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے ریلیز ہونے والی فلم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے لیکن فلم کی کہانی، اینی میشن، صداکاری اور اینی میٹڈ کرداروں کی کشش کے باعث سنیما گھروں سے عوام کا رَش کم نہیں ہورہا ۔

کراچی، ملتان، لاہور ، اسلام آباد، فیصل آباد ، پنڈی ہو یا حیدرآباد بچے ہوں یا بڑے سب کی زبان پر منگو کے گانے اور ڈائیلاگز ہیں۔ ”دی ڈونکی کنگ“ کا باکس آفس پر بزنس 11 کروڑ سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ہر عمر کے لوگوں کی پسند کو مدِ نظر رکھ کر بنائی گئی فلم آئندہ ہفتوں میں مزید نئے ریکارڈ اپنے نام کرے گی۔ واضح رہے دی ڈونکی کنگ نے ریکارڈ بزنس کرکے تمام اینی میٹڈ فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد نے اپنے بچوں کے ہمراہ فلم دیکھنے کیلئے ٹکٹس خرید لئے ہیں جبکہ کئی لوگ اب بھی ایڈوانس بکنگ کرانے میں مصروف ہیں۔ ہفتہ وار چھٹی کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے اِس اتوار بھی عوام کی بڑی تعداد اپنے بچوں کے ہمراہ سنیما گھروں کا رُخ کرے گی اور اندازے کے مطابق اس سنڈے بھی سینما گھروں میں فلم دیکھنے کیلئے عوام کا رَش برقرار رہے گا۔ فلم کے مرکزی ہیرو افضل خان (منگو) اتوار کو کراچی کے مقامی سنیما گھر میں عوام کے ساتھ بیٹھ کر یہ فلم دیکھیں گے۔ اِس اعلان نے فلم بینوں میں پہلے ہی ہلچل پیدا کردی ہے۔ عوام پنے پسندیدہ ہیرو کو اپنے درمیان دیکھنے کیلئے بہت زیادہ بے چین نظر آرہے ہیں۔ بچے منگو کے پوسٹرز کے ساتھ جبکہ بڑے فلم کے مرکزی ہیرو افضل خان کے ساتھ سیلفیاں بنانے کیلئے بے تاب ہیں۔

تازہ ترین