• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سر زمین دلکش قدرتی مناظر سے مالا مال،سیاحت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے،شاہ محمود قریشی

پیرس (رضا چوہدری ) پیرس میں بلند پہاڑوں کے بارے میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی جس میں پاکستان کے بلند و بالا اور عظیم الشان پہاڑوں کے بارے میں ہونے والی پہلی اور اپنی نوعیت کی منفرد بین الاقوامی کانفرنس اپنے مقاصد خوش اسلوبی سے حاصل کرنے کے بعد ختم ہو گئی۔ اس کانفرنس میں پانچ سو سے زیادہ کوہ پیماؤں، مہم جوؤں اور ایڈوینچر کھیلوں کے ماہرین جن کا تعلق فرانس، ہالینڈ، آئر لینڈ، سوالونیہ اور برطانیہ سے تھا نے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف ملکوں کے سفیروں، پاکستان اور فرانس کے ٹور آپریٹرز، پاکستان کمیونٹی کے چیدہ چیدہ افراد اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افتتاحی اجلاس سے خصو صی ویڈیو خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین منفرد خوبصورت اور دلکش قدرتی مناظر سے مالا مال ہےجس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک میں سیاحت کی اعلی ترین سہولتوں کے قیام کے علاوہ پاکستان کی سیاحتی پالیسی ملک میں پائیدار سیاحت اور ایکوٹورزم کو فروغ دے گی۔ اس موقع پرسفیر پاکستان برائے پاکستان معین الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام پینلسٹ اور موڈیٹیر کا کانفرنس میں شرکت کرنے اور اسے کامیاب بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حاضرین کو پاکستان کے بلند و بالا پہاڑوں اور شاندار وادیوں کا ذاتی طور پر تجربہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ پاکستان کے چھپے ہوئے سیاحتی خزانوں کو دریافت کر سکیں۔ فرانس کی اعلیٰ سیاسی شخصیت اور ماہر قانون دان جناب پہیغ مازوں جو کہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے اپنے خطاب میں اپنی پاکستان میں کی جانے والے مختلف مہم جوئی کی سرگرمیوں کا انتہائی شاندار انداز میں ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے انعقاد کے بعد پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ افتتاحی تقریب کے بعد چوٹیوں کو فتح کرنا، نئی مہم جوئی کی تلاش اور پائیدار ایکو ٹوریزم کے موضوعات پر تین مختلف پینلوں نے علیحدہ علیحدہ بحث و مباحثہ کرتے ہوئے ان شعبوں کیلئے پاکستان کو ایک منفرد ملک قرار دیا، خصوصی طور پر بنائی گئی دستاویزی فلموں جن کے ذریعے پاکستان میں کوہ پیمائی اور مہم جوئی کی سرگرمیوں کو شاندار طریقے سے اجاگر کیا گیا تھا کو حاضرین نے بیحد سراہا۔ کانفرنس کے اختتام پر حاضرین نے پاکستان سے خصوصی طور پر آئے ہوئے موسیقی گروپ خوماریاں کی دلفریب اور دل کو مو لینے والی علاقائی موسیقی کی مختلف دھنوں سے خوب لطف اٹھایا۔ کانفرنس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بلند و بالا پہاڑوں اور حسین وادیوں اور قدرتی مناظر کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا تھا پاکستان اور فرانس کے اعلی ٹور آپریٹر نے اپنے سٹالوں کے ذریعے پاکستان میں ٹورزم کیلئے خصوصی طور پر تیار کئے جانے والے پیکجز بھی حاضرین میں متعارت کرائے۔کانفرنس کے شرکا نے سید مہدی بخاری اور یاسر حمید کی بنائی ہوئی بڑی بڑی تصویروں کو بھی بہت پسند کیا۔
تازہ ترین