• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجیب کیانی راولپنڈی ، طارق جہانگیری اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر منتخب

راولپنڈی ،اسلام آباد ،لاہور(نمائندہ جنگ، این این آئی) ہفتے کو ملک کے مختلف ہائیکورٹ بار کے ہونے والے انتخابات میںمجیب کیانی ہائیکورٹ بار راولپنڈی، طارق جہانگیری اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر منتخب ہوگئے۔ وقاص ملک جنرل سیکرٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار،فیصل بٹ جنرل سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار راولپنڈی ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے انتخابات میں مجیب الرحمان کیانی صدر جبکہ فیصل بٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں 2؍ہزار سے زائد وکلا نے آئندہ برس کیلئے اپنے قائدین کا انتخاب کیا۔ صدارت کی سیٹ پر چار امیدواروں میں مقابلہ تھا، رات ساڑھے دس بجے ہونے والے اعلان کے مطابق مجیب الرحمان کیانی 973ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے انکے مقابلے میں سرکار عباس نے 817، خالد اسماعیل عباسی نے 119اور خرم امتیاز نے 63ووٹ حاصل کئے، سینئر نائب صدر کیلئے فیض چیمہ نے 1096اور مدمقابل ملک شفیق نے 878 ووٹ لئے، نائب صدر کے کامیاب امیدوار سبط الحسن نے 1138 اور مقابلے میں اعجاز ہمدانی کو 769 ووٹ ملے، فیصل بٹ 1017ووٹ لیکر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ انکے مقابلے میں فہیم چوہدری نے 943ووٹروں کا اعتماد حاصل کیا، اسی طرح جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر وحید ناز جنجوعہ 762ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے انکے مقابلے میں نوید فضل ملک کو 697 اور رانا عرفان کو 500ووٹ ملے، ایڈیشنل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری، مجلس عاملہ کے اراکین، آڈیٹرز اور لائبریری سیکرٹری پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء وکلا رہنمائوں سردار عصمت اللہ، چوہدری تو فیق آصف، ثناء اللہ زاہد، ملک ظہیر ارشد، اسد عباسی، شہباز راجپوت اور دیگر نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا وہ وکلا کو درپیش مسائل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں طارق محمود جہانگیری ایڈووکیٹ صدر اور وقاص ملک جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، طارق محمود جہانگیری نے 655 ووٹ جبکہ انکے مدمقابل شاہد کمال 267 ووٹ حاصل کر سکے ،ناہید اقبال اعوان 608 ووٹ لے کرنائب صدر بن گئیں ، ان کے مدمقابل طاہر سلیم نے 316 ووٹ لیئے، وقاص ملک نے 501 ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، ان کے مدمقابل عامر عبداللہ عباسی نے 429 ووٹ حاصل کئے،جبکہ عبدالرحمن علوی ایڈووکیٹ فنانس سیکرٹری، سید حیدر علی جوائنٹ سیکرٹری ، رستم ملک لائبریری سیکرٹری اور راجہ شیراز جنجوعہ ، ثناء پرویز میر ، ڈاکٹر ریاض ایچ اعظم، عبدالشکور پراچہ ، حافظ کاشف زمان ممبر ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدوں پر بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ادھرلاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں حامد خان گروپ کے رانا ضیا عبدالرحمن 4279 ووٹ لے کر صدر جبکہ انس غازی 3213ووٹ لے کر سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے۔نائب صدر کی نشست پر سردار طاہر شہباز خان 2065ووٹ، فنانس سیکرٹری کی نشست پر سید اسد بخاری نے 3521ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
تازہ ترین