ملتان(این این آئی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ جنوبی پنجاب ایک ضرورت ہے تاہم صوبہ کیلئے دو تہائی اکثریت کیلئے اپوزیشن کا ساتھ چاہئے ‘ احتساب کے ادارے حکومت کے تابع نہیں اور یہ زرداری بھی جانتے ہیں‘مجھے اپوزیشن کی اے پی سی کا ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا ‘آل پارٹیز بامقصد ہونی چاہیے ۔یہ تو اپنے بچاؤ کا کوئی پروگرام لگتا ہے‘سندھ میں گورنرراج کا کوئی امکان نہیں۔اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ احتساب کا عمل شفاف طریقے سے جاری رہنا چاہیے اور ہم بلاتفریق احتساب کے قائل ہیں‘ عوام بھی باخبر ہیں کہ اصل مسائل کیا ہیں اور ان کا ذمہ دار کون ہے، اے پی سی کا مقصد اگر جمہوریت کو متزلزل کرنا ہے تو یہ کوئی مثبت قدم نہیں ہوگا‘کسی شخص کی خواہش پر کوئی شخص گرفتار یا رہا نہیں ہوسکتا یہ فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے ۔