• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاصلے کم ہونے لگے؟زرداری اور شہباز ی ایک ساتھ پارلیمنٹ آمد، اے پی سی میں شریک ہونگے، بلاول بھٹو

لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹر نگ سیل، نیوز ایجنسیاں) کیا پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) میں فاصلے کم ہونے لگے ہیں؟ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ایوان میں ایک ساتھ انٹری مار کر حیران کردیا۔ دونوں رہنما لابی سے ایک ساتھ ہنستے مسکراتے اور خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اسمبلی کے فلور پر داخل ہوئے۔ اس موقع پر آصف زرداری اور شہباز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس کی لابی میں غیررسمی ملاقات بھی ہوئی۔بعد ازاں آصف زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس سے واپس زرداری ہاؤس روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا شہبازشریف سے ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس پر کوئی پیش رفت ہوئی؟صحافی کے سوال پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ʼمیری زرداری صاحب سے ملاقات ہوئی، ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق مشورہ کرکے بتاؤں گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اے پی سی بلا رہے ہیں ۔ مولانا کی اے پی سی میں پیپلز پارٹی کے لوگ ضرور شرکت کرینگے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ ابھی تک اے پی سی کی تاریخ، ایجنڈااور شرکا بارے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، جب اس بارے فیصلہ ہو گا تو ہم بھی شرکت بارے فیصلہ کرینگے۔ اصولی طور پر فی الحال طے ہوا ہے کہ میاں نواز شریف اے پی سی میں شریک ہوئے تو آصف علی زرداری بھی وہاں جائیں گے ورنہ نہیں جائیں گے ۔

تازہ ترین