لاہور، کرک(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ نیب نے بڑے بڑے مگر مچھوں سے’’ مک مکا‘‘ کیا ہواہے، احتساب کے ادارے کرپٹ عناصر کیلئے سہولت کاروں کاکردار ادا کررہے ہیں ،چورچور کا احتساب نہیں کرسکتا کوئی بھی کرپٹ حکومت آج تک دوسری کرپٹ حکومت کا احتساب نہ کرسکی بلکہ احتساب کی بجائے آج تک ہر حکومت نے ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف بھرپور انداز سے ملک بھر میں کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغازخیبرپختونخواکے جنوبی ضلع کرک سے کردیا ہے اور یہ تحریک پورے ملک میں کرپشن کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ اس تحریک کا اختتام ایک ترقی یافتہ اسلامی اور خوشحال پاکستان پر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک سے کرپشن فری پاکستان تحریک کے آغاز کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔