• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشکول تقریروں سے نہیں ٹوٹے گا، اسد عمر، وزیرخزانہ کے چلے جانے پر اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے جوپروگرام لے گی یہ آخری پروگرام ہوگا، اپوزیشن معیشت کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دے ہم نے ملکر کشکول توڑنا یہ کشکول تقریروں سے نہیں ٹوٹے گا، معیشت پر سب سے زیادہ اثر بیرونی خسارے کا ہوا، بیل آئوٹ پیکیج کے بغیر معاشی بحران سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی میں ملکی معیشت کی صورت حال پر بحث کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت کی۔ جبکہ وزیرخزانہ کی جانب سے ایوان میں خطاب کے بعد چلے جانے پر اپوزیشن نے احتجاج اور واک آئوٹ کیا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ معیشت پر سب سے زیادہ اثر بیرونی خسار ے کا ہوا۔ تجارت کا خسارہ 2013 میں17،18 ارب ڈالر تھا وہ پچھلے سال 35ارب ڈالر تک پہنچ گیا مالیاتی خسارہ 2013میں اڑھائی ارب ڈالر تھا وہ 2018میں 18ارب ڈالر ہو گیا زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گر گئے دسمبر 2017میں روپے کی قدر میں کمی آنا شروع ہو ئی حکومتی اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہوا بجٹ خسارہ کا ہدف 4.1 مقرر کیا گیا لیکن یہ 6فیصد پر پہنچ گیا جس سے ایک ہزار ارب روپے کا مالی بوجھ بڑھ گیا۔

تازہ ترین