لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں اسموگ دستک دینے لگی ہے، بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والی اسموگ کا طوفان بھی پاکستان آنے کا خدشہ موجود ہے، امریکا کے خلائی تحقیقی ادارے ناسانے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
لاہورمیں پہلے اسموک نے حملہ کیا پھر اسموگ نے، ایک خطرناک ہے تو دوسری زہر آلود ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے حال ہی میں ایک تصویر جاری کی ہے،جس میں سر خ نشان فصلوں کی باقیات کو لگائی جانے والی آگ کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
ان نشانات کے مطابق بھارت میں دھان کے مڈھ دھڑا دھڑ جلائے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ عمل نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتا ہے۔
درجہ حرارت گرنے اور بارشیں نہ ہونے کے باعث فصلوں کی راکھ اور دھویں کے ذرات فضاء میں معلق ہیں،اب یہ بلا کہاں کا رخ اختیار کرتی ہے اس کا انحصار ہواؤں پر ہے۔
ناسا کی تصویر دیکھ کرانداز ہوتا ہے کہ ہواؤں نے مغرب کا رخ کرلیا تو پھر بھارتی اسموگ پاکستان کے گلے پڑ جائے گا۔
اُدھریوایس ایئر انڈیکس کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی پہلے ہی بہت زیادہ ہے، رہی سہی کسر بھارتی اسموگ نکال سکتا ہے۔
اس سلسلے میں کیا کرنا ہوگا، حکومتی ادارے فی الحال کلیئر لائن آف ایکشن کے لیے تیار نہیں کر سکے،عوام اسموگ اور حکام کے رحم وکرم پر ہیں۔