گلگت کا 71واں یوم آزادی آج جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، اس موقع پر جی بی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی تقریب تاریخی چنارباغ میں منعقدکی جائے گی ، تقریب کے اختتام پرآزادی جیب ریلی کا بھی انعقادکیاجائیگا۔
پاکستان کی آزادی کے بعد تقریبا چارماہ تک اہل گلگت اوربلتی عوام نے ڈوگراراج کی غلامی کیخلاف جنگ لڑی جس کےبعدبالاآخریکم نومبر 1947کوغلامی کی زنجیریں توڑ کرآزادی حاصل کی اورپاکستان سے الحاق کرلیا۔
اسی خوشی میں ہرسال گلگت بلتستان بھرمیں یکم نومبرکادن یوم آزادی کے طورپر مناکرپاکستان سے جڑے رشتہ کواوربھی زیادہ مضبوط کیاجاتاہے۔
2009کے گورنر آرڈر کے تحت ناردن ایریاز کا نام تبدیل کرکے گلگت بلتستان کا رکھا گیا اور صوبہ کا درجہ دیا گیا، انتظامی اعتبار سے جی بی کو تین ڈویژن میں تبدیل کیا گیا ہےاس کے اضلاع کی تعداد 5سے بڑھا کر 10کر دی گئی جس میں گلگت ،اسکردو،غذر،دیامر،گانچھے،استور،ہنزہ ،نگر،شگراورکھرمنگ شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں آٹھ مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں۔یہ ایک سیاحتی خطہ ہونے کے ساتھ دفاعی اورجغرافیائی اعتبار سے بھی بےحد اہم ہے۔جس کی سرحدیں چین ،بھارت اوروسط ایشائی ریاستوں سے ملتی ہیں۔
16ہزارفٹ پر دنیا کی بلند ترین گذرگاہ درہ خنجراب بھی گلگت بلتستان کی ایک شان ہے، کے ٹو سمیت دنیا کی کئی بلند چوٹیاں بھی اسی خطے میں ہیں۔
اہم سیاحتی مقام گلگت ،اسکردو،ہنزہ ،نگر،نلترسمیت متعدد مقامات کی سیرکےلئےہرسال لاکھوں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔