• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں حرمت اور ناموس رسولﷺ کا محافظ نظام لایا جائے، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حرمت رسولﷺ کی حفاظت کی جدوجہد میں خون کا آخری قطرہ تک قربان کردیں گے، حرمت رسولﷺ پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دینگے،عشق رسولﷺ کا تقاضا ہے کہ خود کو رسول پاکﷺ کی زندگی اور تعلیمات کے مطابق ڈھالا جائے اور اس ملک میں نظام مصطفیﷺ اور شریعت محمدیﷺ کے نفاذ کو یقینی بنانے کی جدوجہد کی جائے، ملک میں ایسا نظام لایا جائے جو حرمت اور ناموس رسولﷺ کا محافظ ہو۔ وہ مسجد بیت المکرم تا حسن اسکوائر یونیورسٹی روڈ پر ’’حرمت رسولﷺ مارچ‘‘ سے خطاب کررہے تھے۔ مارچ سے اسد اللہ بھٹو، محمد حسین محنتی، حافظ نعیم الرحمن، اسامہ رضی، محمد اسلام، یونس بارائی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مارچ میں مولانا سمیع الحق کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزادی جائے۔سراج الحق نے کراچی سے خیبر اور چترال تک جماعت اسلامی کے تحت تحریک حرمت رسولﷺ شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ حرمت رسولﷺ کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کراچی سے ہی تحریک حرمت رسولﷺ کا اعلا ن کرتے ہیں، اس تحریک میں ملک کے ہر گوشے ،کوچے، بستی، قصبے اور شہر میں حرمت رسولﷺ کی مہم چلائیں گے۔ ا نہوں نے کہاکہ جو توہین رسالت کا ارتکاب کرتے ہیں اور جو ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں وہ باطل کے ساتھ ہیں، نبی کریمﷺ نے بھی فتح مکہ کے موقع پر شان رسالتﷺ میں گستاخی کرنے والوں کو معاف نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس طرح کے احتجاج اور دھرنے کا کوئی علاج کرنا پڑیگا، ہم ان سے کہتے ہیں کہ آپ سے قبل بھی بہت سے آئے اور چلے گئے، ناموس مصطفیﷺ کے تحفظ کی جدوجہد جہاد ہے جو جاری رہے گا، پاکستان ایک نظریے، عقیدے اور لازوال قربانیوں کا نام ہے اگر کوئی اسے اس کے مقصد وجود سے دورکرنے کی کوشش کرے گا تو اس سے ہماری جنگ ہوگی۔
تازہ ترین