لاہور(خصوصی رپورٹر) سربراہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ چار سال قبل انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے قومی اتفاق رائے کے ساتھ قومی ایکشن پلان منظور کیا گیا تھا، بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں ہو سکا، اعتدال اور رواداری کے فروغ اور معاشرے کو نفرت اور انتہائی رویوں سے پاک کرنے کیلئے حکومت ایکشن پلان پر عمل کرے، 20 نکاتی قومی ایکشن پلان کو ایکٹ آف پارلیمنٹ بنائے،اس قومی ایکشن پلان کو تمام جماعتوں اور ریاستی اداروں کی تائید حاصل ہے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ اور عالم اسلام کا تابناک سیاسی و معاشی مستقبل تعلیم،امن ، رواداری اور اعتدال سے جڑاہے۔گزشتہ روز منہاج علماء کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے قومی ایکشن پلان کا وہ حصہ جو فوج سے متعلق تھا اس پر عمل ہوا مگر جن نکات کا تعلق سویلین حکومت سے تھا ان پر عمل نہیں ہوا۔ملک میں منتخب جگہوں پر آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے سلیپنگ سیلز کا خاتمہ ہوااور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ایک بڑی تعداد پکڑی گئی، فوجی عدالتوں سے انہیں پھانسیاں بھی ہوئیں،ان اقدامات سے خودکش دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی مگر کریمنل جسٹس میں اصلاحات ، افغان مہاجرین کی وطن واپسی، مدارس کے نظام کی اصلاح، دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام، پنجاب ،سندھ ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جملہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر انسداد دہشتگردی کیلئے منظم اقدامات کرنااور اس مواد کا قلع قمع کرنا جن سے نفرت ، فرقہ پرستی اور عدم برداشت فروغ پاتی ہے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر دہشتگرد تنظیموں کے پروپیگنڈے اور نفرت آمیز تقاریر کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا اس قومی ایکشن پلان کے اہم نکات تھے مگر 4سال گزر جانے کے بعد بھی اس پر کوئی پیشرفت نظر نہیں آتی۔ طاہرالقادری نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ہمارے بے گناہ کارکنوں کا قتل عام کیا تھا مگر جب پاکستان کی بقاء، امن اور پاکستان کے عوام کے تحفظ کا سوال پیدا ہوا تو ہم نے تمام اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قطع نظر اس کے کہ حکومت میں کون ہیں قومی ایکشن پلان کی حمایت کی۔ ہمارے نزدیک آج بھی پاکستان کا تحفظ عوام کی خوشحالی اولین ترجیح ہے، اب وقت آگیا ہے موجودہ حکومت الماری میں بند پڑی ہوئی قومی ایکشن پلان کی فائل کو نکالے، نیکٹا کو معاشی اور انتظامی اعتبار سے مضبوط بنائے اور ایکشن پلان کی ہر شق پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائے۔انہوںنے جسٹس ثاقب نثار کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 میچز میں مسلسل کامیابیوں پر مبارکباد دی۔