• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پُرتشدد مظاہروں، توڑ پھوڑ پر 110 افراد عدالت میں پیش

پنجاب میں پُرتشدد مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، موٹر وے پر گاڑیاں جلانے، توڑ پھوڑ، پولیس اور شہریوں کو زخمی کرنے پر پانچ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

گرفتار110 افراد کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

لاہورمیں احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے پر گرفتار کیے گئے 7 افراد کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمان کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، تفتیشی افسر کے مطابق ملزموں نے مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی۔

راولپنڈی میں دھرنے کے دوران گھیراؤ جلاؤ، توڑ پھوڑ کے مقدمات میں مختلف تھانوں کی پولیس نے 60 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

سی پی او راولپنڈی احسن عباس نے 18 مقدمات درج کیے جانے کی تصدیق کر دی۔

احتجاجی دھرنے، ہنگامہ آرائی اور متنازع تقریر کے معاملے میں گوجرانوالہ اور گجرات میں درج مقدمات کی تعداد40 ہو گئی۔

آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق مقدمات میں 217 نامزد اور 3880سے زائد نامعلوم افراد شامل ہیں، جبکہ مقدمات میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

آر پی او کے مطابق مقدمات میں نامزد دوسرے ملزمان کوبھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پنجاب کے وزير اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہنگامہ کرنے والوں کی نشاندہی ہو رہی ہے، ان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، اکثر بلوائی موٹر ویز اور جی ٹی روڈ پر موجود تھے، ہنگاموں کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب متحرک تھے۔

تازہ ترین