• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’کیک ،سلام‘ نے ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول اعزاز جیت لیا


پاکستانی فلم ’کیک‘ اور نوبل انعام یافتہ عبدالسلام پر مبنی ڈاکومنٹری ’سلام ‘ نے کینیڈا میں منعقدہ ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم اورڈاکومنٹری کا ایوارڈجیت لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کیک نے کینیڈا کے شہر مانٹریال ہونے والے ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین فیچر فلم جبکہ پاکستان کے پہلے نوبل انعام یافتہ عبدالسلام کی زندگی پر مبنی ڈاکومنٹری ’سلام ‘ نے بہترین ڈاکو منٹری کا ایوارڈ حاصل کرلیا ہے۔

ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول مانٹریال (SAFFM)نے فیس بک پراسی حوالے سےایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ’اُن تمام سامعین کا بے حد شکریہ جو اس فیسٹیول اور اس کی فلموںکی حمایت میں سامنے آئے۔ بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ ’کیک‘ نے جیتا ہے، اس فلم کو پاکستان کی جانب سے آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے لکھا کہ فلم ’کیک‘ کی کہانی دو بہنوں پر مبنی ہے جس میں سے ایک بیرون ملک رہتی ہے اوردوسری اپنے ماں باپ کے ساتھ نا صرف رہتی بلکہ ان کی دیکھ بھال بھی کرتی ہے۔

دوسری جانب ’سلام‘ کی کہانی نوبل انعام جیتنے والےپہلے پاکستانی عبدالسلام کی زندگی کی عکاسی کرتی ہے کہ کیسے وہ ایک چھوٹے سے گائوں سے نکل کر پوری دنیا میں مشہور ہوئے۔

واضح رہے عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کیک‘ کو رواں سال مارچ میں نمائش کے لیے پیش کیاگیا تھا، فلم میں آمنہ شیخ، صنم سعید، عدنان ملک، فارس خان اور میکال ذوالفقار نے مرکزی کردار ادا کیاتھا۔

تازہ ترین
تازہ ترین