• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ابوظہبی، بولٹ نے بجلی گرا دی ، پاکستانی امیدوں کا چمن خاکستر ، 47 رنز سے شکست


ابوظہبی(جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل 12 واں ون ڈے ہار گئی۔ گرین کیپس کو پہلے ایک روزہ میچ میں 47رنز سے شکست کا داغ سہنا پڑا۔ ناکام ٹیم پر مین آف دی میچ فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے اپنے دوسرے ہی اوور میں بجلی گرادی، ان کی ہیٹ ٹرک نے پاکستانی امیدوں کا چمن خاکستر کردیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسری کیوی بولر ہیں، انہوں نے فخر زمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو آئوٹ کیا۔ آٹھ رن پر تین وکٹ گنوانے کے بعد امام الحق 34 اور شعیب ملک 30 رنز نے اسکور 71 تک پہنچایا۔ کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم نے بالترتیب 64 اور 50 رنز بنائے۔ ان کے درمیان 103 رنز کی شراکت ہوئی۔ لیکن یہ کاوش ناکافی تھی۔ حسن علی 16رنز بناسکے۔ پاکستان ٹیم 48ویں اوور میں 219رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ کیویز کیلئے بولٹ اور فرگوسن نے تین تین، ٹم سائوتھی نے اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ لی۔ گرینڈ ہوم نے دو شکار کیے۔ قبل ازیں راس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے چوتھی وکٹ کی پارٹنرشپ میں130رنز بناکر نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں9وکٹ پر266رنز بنانے میں مدد دی۔ شاداب خان نےاننگز کے42ویں اوور میں چار گیندوں پر تین وکٹ حاصل کرکے نیوزی لینڈ کو بڑا اسکور بنانے سے روکا۔یہاں پاکستانی بولرز نے آٹھ گیندوں پر چار وکٹ لیے۔شاداب نے 38اور شاہین آفریدی نے 56 رنز دے کر چار چار،جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ٹم سائوتھی اور ایش سوڈھی کے درمیان42رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ حسن علی کے9اوورز میں62رنز بنے۔ راس ٹیلرکو 80رنز پرعماد نے بولڈ کردیا۔ لیتھم 68 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔انہوں نے اگلی ہی گیند پر نکولس کو چلتا کیا جب کہ وہ ہیٹ ٹرک میں کامیاب نہ ہوسکے اور ایک گیند کے بعد گرینڈ ہوم کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔210کے مجموعے پر 7کھلاڑیوں سے ہاتھ دھونے کے بعد کیوی بیٹسمینوں نے فائٹ بیک کیا اور اسکور کو 266 رنز تک پہنچا دیا۔کولن منرو نے29 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈنے اپنی ٹی20 والی ٹیم میں چار تبدیلیاں کرتے ہوئےاوپنر جارج ورکر،ٹرینٹ بولٹ،ٹام لیتھم اورہنری نکلوس کو شامل کیا۔ اوپنر امام الحق فٹ ہوکر پاکستانی ٹیم میں واپس آگئے۔ پاکستان نے فاسٹ بولر فہیم اشرف کو ڈراپ کیا اور ان پر شاہین شاہ آفریدی کو ترجیح دی گئی۔

تازہ ترین