اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثرعباس زیدی نے سرکاری ٹی وی حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمراورجہانگیر ترین وغیرہ کو 6دسمبرکو عد الت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔جمعرات کوسرکاری ٹی وی حملہ کیس کی سماعت کے دوران وزیرخزانہ اسدعمر،وزیر دفاع پرویزخٹک،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،شفقت محموداور جہانگیر ترین کے وکلاء نے ان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں جمع کرائیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے نمائندہ اوروکیل بابر اعوان کی جگہ ان کے معاون وکیل رائے تجمل عدالت میں پیش ہوئے،فاضل عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواستوں پر ایک روز کیلئے استثنی منظورکرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر حاضرہونے کی ہدایت کی جبکہ بابر اعوان کے معاون کو بھی حاضری لگاکر جانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 6دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ مذکورہ کیس میں عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کو استثنی دے رکھاہے اور ان کی جگہ بابر اعوان عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔