• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے، شہباز نوازسے بڑا چور، شیخ رشید

لاہور(خبرایجنسی ) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں سندھ سے بڑی گرفتاری ہوسکتی ہے اورفالودے والے سے بڑا مال نکلنے والا ہے،شریف برادران این آراو لینے کی کوشش کررہے ہیں، چین کے دورے کے بعد یہ بات سامنے آگئی ہے کہ شہباز شریف نوازشریف سے بڑا چور ہے ،شہباز شریف کاداماد چینی کمپنیوں کاممبر ہے ،سلمان شہباز ملک سے فرار ہو چکے ہیں ، یہ لوگ اتنے کرپٹ ہیں کہ ان کی کرپشن کی بدبو پورے برصغیرمیں پھیل جائے گی، میں مستقبل قریب میں پاکستانی سیاست سے کرپٹ سیاستدانوں کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں اورسیاسی افق پر نئے چہرے سامنے آئیں گے، ریلوے سے ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کو ختم کر دیا گیاہے ،محکمے سے ریٹائر ہو کر کنٹریکٹ پر کام کرنے والوں کو ایک سال کے اندر فارغ کر دیا جائے گا ، وزیرا عظم پیکج کے تحت تمام ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے ذاتی طور پر وزیراعظم کے پاس جائوں گا۔ ریلو ے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےشیخ رشید نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا اور ہمیں ہماری توقع سے زیادہ ملا تاہم کتنی مالیت کے معاہدے ہوئے یہ نہیں بتا سکتا۔21نومبرکو چین کے وزیر ٹرانسپورٹ چینی وفد پاکستان آرہا ہے جس میں مزید اہم فیصلے کئے جائیں گے، ہم ایم ایل ون اور ایم ایل ٹو میں چین کو اہمیت دیں گے تاکہ اس کی جلد سے جلد تکمیل کی جا سکے تاہم اس حوالے سے ختمی فیصلہ وزیر اعظم ہی کریںگے،خواجہ سعد رفیق کے دور میں آئے 4امریکی انجن خراب ہو گئے ہیں ،اس میں بھاری کمیشن کھائی گئی ہے نہ سوفٹ ویئر سسٹم لیا اور نہ ہی پرزہ جات منگوائے گئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خواجہ سعد رفیق میرا لیول نہیں ہے میں انکے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جو میرا لیول تھا وہ سب نے دیکھا کہ پانامہ سب کے سامنے آگیا ہے۔ ناموس رسالت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت ناموس رسالت ؐکے خلاف ہم سے فیصلہ نہیں کروا سکتی میں خود ختم نبوت کا سپاہی ہوں۔
تازہ ترین