پشاور (نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت اپنی حدود میں رہے ورنہ جیل بھرو تحریک چلائیں گے۔ ملک کے اسلامی نظریہ اور دینی مدارس کی جنگ علمائے کرام نے لڑنی ہے‘ ہم ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کے خلاف میدان میں نکلیں گے‘ حکومت ہمارے خلاف جتنے مقدمات بنانا چاہتی ہے‘ شوق پورا کرلے‘ 15نومبر کو لاہور میں تاریخی ملین مارچ ہوگا‘ ہماری جمہوریت‘ معیشت اور دفاع عالمی دباؤ میں ہیں اسی دباؤ پر ملک کے فیصلے ہورہے ہیں۔ ہمیں توہین رسالت کی مرتکب خاتون کی رہائی کا فیصلہ قبول نہیں‘ یہ فیصلہ بین الاقوامی دباؤ کے تحت کیا گیا کیونکہ رہائی کو مالیاتی قرضوں سے مشروط کیا گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔