اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی جانب سے بیرون ملک جا کر دفعہ 342 کا بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائردرخواست میں سیکرٹری قانون و انصاف ، سیکرٹری داخلہ اور خصوصی عدالت بذریعہ رجسٹرار فیڈرل شریعت کورٹ کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 15 اکتوبر کو خصوصی عدالت نے کمیشن کو بیرون ملک جا کر سائل کا دفعہ 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔ درخواست کے مطابق کمیشن کا قیام غیرقانونی ہے ، قانون کے مطابق فیصلے سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں ، لہٰذا خصوصی عدالت کے مذکورہ حکم نامے کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔