• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فری آئی کیمپ میں 163مریضوں کو آنکھوں کی روشنی مل گئی

لندن ( پ ر ) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کامونکی کے زیر اہتمام فری آئی کیمپ کے دوران 163مریضوں کو آنکھوں کی روشنی مل گئی، ان مریضوں کو طویل عرصہ سے سفید موتیا کا مرض تھا جس وجہ سے وہ بینائی سے محروم ہو چکے تھے لیکن کامیاب آپریشن کے بعد دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو گئے۔ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ آئی کیمپ کی اختتامی تقریب چشتیہ رائس مل جی ٹی روڈ کامونکی میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی الحاج امجد علی چشتی جبکہ محمد علی چشتی، مسلم لیگ ن کامونکی کے صدر امیر افضل، ریاض چشتی، محمد قاسم بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران کامیاب آپریشن کے بعد مریضوں کی آنکھوں کی پٹیاں کھولی گئیں اور ماہرین امراض چشم کی نگرانی میں فالو اپ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر مریضوں نے بتایا کہ وہ سفید موتیا کی وجہ سے طویل عرصہ سے بینائی سے محروم ہو چکے تھے لیکن کامیاب آپریشن کے بعد خوبصورت اور حسین دنیا کو دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو گئےہیں۔ الحاج امجد علی چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ کے تعاون سے دوسرے سالانہ آئی کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 163سفید موتیا کے آپریشن ہوئے جبکہ 1300مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ، 300 کو نظر کی عینکیں دی گئیں۔جن مریضوں کے آپریشن ہوئے ان میں 10ہیپا ٹائٹس میں مبتلا تھے اور ان تمام کے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق آپریشن کئے گئے جن کے لئے الگ آلات اورآپریشن کے انتظامات کئے گئے۔ مریضوں کو کھانے، رہائش سمیت لیبارٹری ٹیسٹ ہیپا ٹائٹس بی سی، ایڈز، بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر، بائیو میٹری اور دیگر میڈیکل ٹیسٹ، لینس اور بغیر ٹانکے کے آپریشن کی سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل (یو کے ) کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اور انکی ٹیم کے شکر گزار ہیں کہ ہر سال کامونکی میں آئی کیمپ لگاتے ہیں۔
تازہ ترین