کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) پاکستان ریلوے کوئٹہ گوادر سیکشن اور کوئٹہ تفتان سیکشن جدید خطوط پر تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کررہاہے۔ کوئٹہ تفتان سیکشن آئی ٹی آئی کنٹینر ٹرین کوریڈور کا اہم حصہ ہے اور پاکستان اس پر بھرپور توجہ دے رہاہے ،اس حوالے سے ذرائع کاکہنا ہے کہ کوئٹہ تفتان دونوں ممالک میں ریلوے کے تعلقات کے لئے بہت اہم ہے،اس سیکشن کی اپ گریڈیشن کے لئے کام کاآغاز کر دیاگیاہے،اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو ریلوے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ،ریلوے کے معاملات کو حل کرنے کے لئے پاکستان اور ایران کے مابین ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنانے پر رضامندی بھی ظاہر کی گئی ہے اس کے علاوہ ، کوئٹہ تفتان سیکشن کو سٹینڈرڈ گیج میں تبدیل کر نے پر بھی غور کیاجارہاہے،کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک زائرین کیلئے ایک محفوظ سفری سہولت ہوسکتی ہے ،واضح رہے کہ کوئٹہ زاہدان سیکشن ابھی تک بمشکل آپریشنل ہے ۔ یہ تمام راستہ صحرائی ہے اور پاکستان کا ایک منفرد حصہ ہے،کوئٹہ سے زاہدان تک ٹریک کی کل لمبائی 732 کلو میٹر ہے جس کا آخری 100 کلو میٹر کا حصہ ایران میں ہے ۔کوئٹہ-تفتان ریلوے لائن جسے ایم ایل-4 کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، پاکستان کی چار مرکزی لائنوں میں سے ایک ہے جو کہ پاکستان ریلویز کے زیر انتظام ہے۔ یہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہو کر کوہ تفتان ریلوے اسٹیشن پر ختم ہوتی ہے۔