کہتے ہیں کہ سحر خیز ذہن ہی سحر کے خواب کو تعبیردیتے ہیں۔ صبح جلدی اٹھنا بہترین طرزِ زندگی کی علامت ہے۔ سحر خیزی کی عادت نہ صرف طبی طور پر فائدہ مند ہے بلکہ یہ عادت ہر عمر میں کام آتی ہے۔ بعض لوگوں کے لیے صبح اٹھنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، وہ لاکھ چاہیں تب بھی جلدی نہیں اٹھ پاتے نتیجتاً ان کی صبح کلاسز چھوٹ جاتی ہیں، وہ وقت پر دفتر نہیں پہنچ پاتے یا علی الصبح ہونے والی میٹنگز میں شامل نہیں ہوپاتے، غرض یہ کہ صبح ہونے والی تمام سرگرمیوں میں دیر سے شریک ہوتے ہیں۔ صبح دیر سے جاگنے کی بنیادی وجہ رات کو دیر سے سونا ہے۔ اگر روزانہ کا ایک معمول بنالیا جائے تو صبح سویرے اُٹھنا کوئی مسئلہ نہیں۔ صبح جلدی اٹھنے کی عادت دن بھر کے شیڈول میں کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی مددگار ہوتی ہے۔
صبح اُٹھنے کے فوائد
صبح جلد اٹھنے اور رات کو جلد سونے کی عادت دیر سے بڑھاپا لاتی ہے اور آپ طویل مدت تک جواں عمر نظر آتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب ہم صبح اٹھتے ہیں تو سورج کی کرنوں کے ساتھ انسانی جسم کے تعلق کی وجہ سے مختلف ہارمونز پیدا ہوتے ہیں۔ یہ ہارمونز آپ کی دلکشی و خوبصورتی ،بینائی اور بالوں کی چمک کو برقرار رکھتے ہیں ،ساتھ ہی آپ کو کئی امراض سے محفوظ بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہی ہارمونز آپ کو دیگر ہارمونز کی خرابی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔ صبح کے وقت پیدا ہونے والے ہارمونز پہلے سے موجود ہارمونز سے ایک تعلق قائم کرتے ہیں اور اس طرح زندگی کی ترتیب چلنا شروع ہوتی ہے۔ رات کو دیر سے سونے اور صبح دیر سے اٹھنے کی عادت کے باعث بالوں اور یادداشت پر کافی منفی اثرات پڑتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس غلط عادت کی وجہ سے خوبصورتی بھی متاثر ہوتی ہے۔
مقررہ وقت پر اٹھیں
سونے کے برعکس اٹھنے کا وقت مقرر کریں اور روز صبح اسی وقت اٹھیں۔ اگر آپ سونے کا وقت مقرر کریں گے تو روز اسی وقت پر خود بخود آپ کی آنکھ کھل جائے گی۔ صبح جلدی اٹھنے سے رات میں آپ کو نیند بھی جلدی آتی ہے اور یوں آہستہ آہستہ آپ کا معمول بہتر ہوجاتاہے۔اگر آپ رات کو دیر سے سوئے ہیں تب بھی صبح مقررہ وقت پر آپ کی آنکھ کُھل جائے گی۔
جلدی سوئیں
رات کو جلد سوجائیں کیونکہ اندھیرا پھیلنے کے بعد آپ کا جسم اپنی مرمت کا کام شروع کردیتا ہے۔ آپ نے دن بھر میں جو کچھ کھایا پیا ہوتا ہے اور جسم میں جو ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہوتی ہے، اس کی مرمت رات کے وقت ہوتی ہے۔ آپ چاہے کتنے ہی وٹامنز اور معدنیات استعمال کریں لیکن یہ مرمت پھر بھی ضروری ہے کیونکہ اس کے بعد صبح آپ کے جسم میں نئے ہارمونز اور خلیے بنتے ہیں، جو آپ کو دن بھر کے کاموں اور مقاصد کو پورا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ دن میں دیر سے اٹھنے اور رات دیر تک جاگنے کی وجہ سے آپ کے ہارمون میں خرابی پیدا ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے آپ کی یادداشت ، حسن، بالوں اور بینائی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور آپ ڈپریشن کے مریض بھی بن سکتے ہیں۔ جگر کے امراض بھی رات کو دیر تک جاگنے کی وجہ سے ہوتے ہیں کیونکہ رات کو وقت پر نہ سونے سے جگر متاثر ہوجاتا ہے،جسےدوبارہ بحال کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اسی طرح رات دیر تک جاگنے کی وجہ سے آپ جلد تھکنے لگیں گے، چڑچڑا پن رہے گا اور آپ کا غصہ بھی بڑھ جائے گا۔ اس لیے اپنی زندگی میں صرف اتنی سی تبدیلی لائیں کہ صبح جلد اٹھیں اور رات کو جلدی سوجائیں۔ اس تبدیلی سے آپ نہ صرف مکمل طور پر صحت مند رہیں گے بلکہ ایک خوش و خرم زندگی بھی بسر کر سکیں گے۔
انگڑائی لیں
نیند سے بیدار ہونے کے فوراً بعد بھرپور انگڑائی لیں کیونکہ یہ جسم میں خون کی روانی کو تیز کرتی ہے۔ رات سونے سے پہلے انگڑائی لینا نیند لانے میں معاون اورنیند سے اٹھنے کے بعد سستی دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
رات سونے کیلئے چند اصول
٭سونے کے لیے بستر پر اسی وقت جانا چاہیے جب آپ تھکے ہوئے ہوں، تاکہ جیسے ہی آپ لیٹیں تو آپ کو 5منٹ کے اندر نیند آجائے۔
٭ بیڈ روم کا درجہ حرارت بالکل کم یا بہت زیادہ نہ ہو، اس سے آپ کو گرمی یا سردی لگے گی اور نیند خراب ہوگی۔ موسم کی مناسبت سے اوڑھنے کے لیے کمبل یا ہلکی پھلکی چادر کا انتخاب کریں۔
٭ کمرے میں مکمل طور پر اندھیرا کردینا بہتر اور پرسکون نیند لانے میں مددگار ہوتا ہے ،جس کے بعد آپ تازہ دم ہو کر اٹھتے ہیں۔
٭رات سونے کے لیے لیٹنے سے قبل اورنیند سے اٹھنے کے فوراً بعد ایک گلاس پانی پئیں۔ نیند سے اٹھتے ہی گہری سانس لینا اور ایک گلاس پانی پینا آپ کے دماغ کو بھرپور آکسیجن فراہم کرتا ہے۔
٭نیند کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والی شے ہمارا موبائل فون ہے۔ سونے سے کم از کم آدھا گھنٹہ قبل موبائل فون بند کردیں۔ اسی طرح اٹھنے کے بعد نصف یا ایک گھنٹہ تک فون کو بند ہی رکھیں۔موبائل فون کو بند رکھنا آپ کے دماغ کو بوجھل ہونے سے بچائے گا اور آپ اٹھنے کے بعد اپنی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرسکیں گے۔