ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک کی مدد سے 20 سالوں سے مکمل طور پر مفلوج خاتون نے کمپیوٹر استعمال کرنے کی صلاحیت دوبارہ حاصل کر لی۔
نیورالنک کے انقلابی امپلانٹ کی بدولت اوڈری کریوز نامی خاتون نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر انکشاف کیا کہ وہ اب کمپیوٹر دوبارہ استعمال کرنے کے قابل ہو گئی ہیں۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ لکھا کہ میں نے 20 سالوں میں پہلی بار اپنا نام لکھنے کی کوشش کی، میں اس پر کام کر رہی ہوں۔
اوڈری کریوز نے برین کمپیوٹر انٹرفیس (BCI) کا استعمال کرتے ہوئے اسکرین پر جامنی رنگ سے اپنا نام لکھا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ میں برین چپ لگنے کے بعد اپنے دماغ کی طاقت سے کمپیوٹر پر تصویریں کھینچنے، الفاظ لکھنے، ماؤس کو اسکرول کرنے اور کی بورڈ استعمال کرسکتی ہوں۔
لوزیانا سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون 16 سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد مفلوج ہوگئی تھیں۔
اب اس ماہ انہیں نیورالنک کی برین چپ لگائی گئی ہے جس کے بعد وہ اپنے دماغ سے کمپیوٹر کو کنٹرول کر سکتی ہیں۔