• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر تارکین وطن کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش سے فائدہ اٹھائیں، ڈاکٹر وحیدالدین

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر میاں وحید الدین نے وٹفورڈ کمیونٹی رہنمائوں راجہ محمد ظہور اقبال، امجد امین بوبی، راجہ محمد رفیق کھڑی شریف، چوہدری محمد یونس، ایل اے خان و دیگر رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک کشمیری آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کریں۔ آزاد کشمیر حکومت ان کے کاروبار اور سرمایہ کاری کو تمام سہولیات دے گی۔ آزاد کشمیر میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کشمیری آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے حکومتی پیشکش سے فائدہ اٹھائیں۔ ڈاکٹر میاں وحید الدین نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے جہاں پر سیاسی استحکام ہے، جمہوریت مضبوط ہے، لوگوں میں آپس میں بھائی چارہ، مذہبی رواداری ہے۔ وہاں پر کوئی جاگیردارانہ نظام نہیں،قانون و انصاف کی بالادستی ہے، عوام کو بنیادی حقوق میسر ہیں، حکومت تک عام شخص کو رسائی حاصل ہے۔ ڈاکٹر میاں وحید الدین نے کہا کہ بیرون ملک کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کےساتھ اور وطن کی مٹی سے محبت ہے۔ انہیں چاہئے کہ نوجوان نسل کا وطن سے رشتہ مضبوط کرنے کیلئے آگے بڑھیں، آزاد کشمیرمیں ٹورازم اور بزنس اینڈ انوسٹمنٹ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ پنجاب کے سرمایہ کار آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرتے ہیں آپ بھی وہاں سرمایہ کاری کریں، ماحولیات کو دیکھ کر این او سی جاری کریں گے، ہر طرح کی سہولیات دینے کو تیار ہیں۔ ڈاکٹر میاں وحید الدین نے وفد کو صنعتی اسٹیٹ میرپور بورڈ آف انوسٹمنٹ، پوٹینشل سیکٹر، SEZ، انڈر سی پیک، سیمنٹ سازی، ایگریکلچر، سیڈ پروڈکشن، ٹورازم و دیگر شعبہ جات کی اہمیت و کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو سرمایہ کیلئے ٹیکس کی پانچ سال کیلئے چھوٹ دی جائے گی۔ ڈاکٹر میاں وحید الدین چیف سیکرٹری آزاد کشمیرنے کہا مجھے یقین ہے کہ بیرون ملک کشمیری بزنس اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیرکے قدرتی وسائل سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنما راجہ محمد ظہور اقبال، امجد امین بوبی، راجہ محمد رفیق، محمد یونس و دیگر نے یقین دلایا کہ وہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں سرمایہ کاری کیلئے حکومتی خدمات سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ ان رہنمائوں نے کہا ہماری دلی خواہش ہے کہ ہمارا خطہ تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو اور ہماری قوم کو روزگار میسر ہوں۔ اس موقع پر رہنمائوں سے چیف سیکرٹری ڈاکٹر میاں وحید الدین نے کہا کہ وہ مظفر آباد جاتے ہی واٹر چینل کی بحالی و تعمیر کے حوالے سے فوری فنڈز جاری کرنے کیلئے N.O.C. جاری کردیں گے۔ انہوں نے راجہ ظہور اقبال کو حلقہ کٹھیار روڈ اور دیگر معاملات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم کی رائیلٹی اور میرپور ائرپورٹ کی تعمیر جیسے معاملات حکومتی سطح پر ضرور حل کئے جائیں گے۔

تازہ ترین