• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے بورڈ آف کمیشن پنجاب ہیلتھ کیئر تحلیل کر دیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بورڈ آف کمیشن پنجاب ہیلتھ کیئر تحلیل کر دیا، عدالت نے2ہفتے میں نیا بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ غیر جانبدار اور آزاد ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کی لاہوررجسٹری میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے بورڈ کے رکن حسین نقی پر برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ بورڈ کے چیئرمین جسٹس عامر رضا کے ساتھ بدتمیزی کیوں کی؟

رکن بورڈ حسین نقی نے درخواست کی کہ انہیں بولنے کا موقع دیا جائے اور اونچی آواز میں بولنے پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ ادارہ ریگولیٹر ہے، مگر وہاں پرسیاست ہو رہی ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق بورڈ بنایا ہے، طریقہ کار کے مطابق ارکان کی نامزدگی کی گئی جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دی۔

بورڈ آف کمیشن پنجاب ہیلتھ کیئر کے ممبرشفقت چوہان نے عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے ممبر حسین نقی اور چیئرمین عامر رضا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کا دیگر ممبران سے کوئی تعلق نہیں۔

شفقت چوہان نے یہ بھی کہا کہ حسین نقی نے عامر رضا کو استعفیٰ دینے کا نہیں کہا بلکہ انہوں نے خود مستعفی ہونے کا کہا۔

تازہ ترین