• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف جدہ میں تصویری نمائش

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کشمیر کے عوام کو خود مختاری کے بنیادی حق کے لئے اپنی جائز جدوجہد میں او آئی سی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمینار اور تصویری نمائش کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا انعقاد پاکستان قونصلیٹ جدہ اور او آئی سی نے مشترکہ طور پر کیا تھا،

” کشمیریوں کا خون بہہ رہا ہے ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے اپنے خطاب میں سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کا استعمال روک دے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ 3دہائیوں سے او آئی سی کے سب سےاہم ایجنڈا میں سے ایک ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں کشمیرکا تذکرہ سرفہرست تھا اور کشمیر کے مسئلے پر وزیراعظم عمران خان کو او آئی سی کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر قونصل جنرل شہریار اکبرخان کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ کشمیر کا انعقاد کشمیر میں بھارتی افواج کے غیر قانونی قبضے کے سلسلے میں کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد میں تمام تراخلاقی، سیاسی اور سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔

کشمیریوں کے نمائندہ غلام محمد صفی نے بھارتی کشمیر میں موجودہ صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی تاکہ کشمیری لوگ اپنا حق خود ارادیت حاصل کر سکیں۔

جدہ کشمیر کمیٹی کے ارکان نے سیکرٹری جنرل کو ایک قرارداد پیش کی اور او آئی سی کو کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی استدعا کی۔

او آئی سی سیکریٹریٹ میں بھارتی مقبوضہ کشمیر پر تصویری نمائش اور سیمینار گزشتہ پانچ سالوں سے ایک سالانہ ایونٹ بن چکا ہے۔

تقریب میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے سفیر عبد اللہ العالم سمیت اعلی سطحی سعودی حکام، سفارتی نمائندوں اور پاکستان کمیونٹی کےارکان نے شرکت کی۔

تازہ ترین