• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن رہے گا، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن رہے گا۔ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھول رکھے۔ آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

دورے کے دوران آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو قوم کےلیے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔

آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں، پروپیگنڈے سے ڈیجیٹل ٹیررازم کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جاری ہے، قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ وہ لوگ مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد نہیں سمجھ سکے، انہیں منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔ ان ورغلائے ہوئے افراد کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے شک کا فائدہ دیا جاچکا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں۔ انہیں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا، خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بےحرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم تعمیری قوت کی حیثیت سے راکھ اور ملبے کے ڈھیر پر پبلک لائبریری بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید