• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ کے ماضی کے ستارے ایک مرتبہ پھر جگمگانے کو تیار

پاکستان کرکٹ کے ماضی کے ستارے ایک مرتبہ پھر جگمگانے کو تیار ہیں، یونس خان کی قیادت میں پاکستان لیجنڈز ٹیم جولائی میں انگلینڈ میں ہونیوالی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت کرے گی۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 سے 13 جولائی تک انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوگی۔

تاریخی ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر ہونیوالے اس ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ میزبان انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

پاکستان ٹیم کی قیادت سابق کپتان یونس خان کریں گے۔ شاہد آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایونٹ میں ٹیمیں ریٹائرڈ یا غیر کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز پر مشتمل ہوں گی۔ منتظمین کے مطابق آسٹریلیا کے بریٹ لی، انگلینڈ کے کیوین پیٹرسن، جنوبی افریقا کے جیک کیلس اور بھارت کے یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

ایونٹ کے حوالے سے کراچی میں ہونیوالی پریس کانفرنس میں یونس خان، شاہد آفریدی اور ٹیم پاکستان لیجنڈز کے اونر کامل خان موجود تھے۔ تینوں نے ایونٹ میں پاکستان کی فتح کا عزم ظاہر کیا۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کی لیگ میں ایک بار پھر پرانے دوستوں سے ملنے کا موقع مل جاتا ہے جب کہ شاہد آفریدی نے کہا کہ اس طرح کی لیگز ہوتی رہیں تو پلیئرز ہمیشہ خود کو فٹ رکھیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید