• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء نے سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کردی


وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کےلیے جوڈیشل کمیشن بنایا گیا تو مزید وقت ضائع ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سوموٹو نوٹس نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے، سوموٹو نوٹس آئین میں موجود ہے۔

 جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ  عدلیہ آزاد ہے اس پر ایگزیکٹو کا کوئی عمل دخل نہیں، سب سے پہلے دباؤ تو وکلا تنظیمیں اور بار کی طرف سے آتا ہے، جو صاحب کردار اور مضبوط ہیں ان کو آج تک کوئی زیر دباؤ نہیں لا سکا۔

رانا ثناء نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ثبوت واضح ہیں، کوئی شک والی بات نہیں، 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنا تو تین سال اور لگ جائیں گے، انصاف کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ملٹری کورٹس کے ٹرائل پر اسٹے ہے، سال ہوگیا اب تک فیصلہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ  پنجاب حکومت کسانوں کے لیے پیکیج لانے کی تیاری کر رہی ہے، کسانوں کےلیے پنجاب حکومت کا پیکیج بہت ہی فائدہ مند ہوگا، پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ کسان اپنی گندم بیچ چکا ہے، گندم اب مڈل مین کے پاس ہے، حکومت خریدے گی تو فائدہ مڈل مین کو جائے گا۔

رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان صرف اس الیکشن کے خلاف نہیں 2018 میں بھی تحریک کا آغاز کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید