امریکا کی وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔
پنٹاگون کے ڈائریکٹر پریس آپریشنز کرنل راب میننگ کا آف کیمرہ نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں۔
پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا فوجی تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان مخالف بیان میں کہا کہ تھا 'پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا'۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے، ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا'۔
امریکی صدر نے بعدازاں گذشتہ روز ٹوئٹر پر بھی اسی قسم کے بیانات داغے، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا تھا۔