• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی کسی پیشگی اعلان کے بغیر اچانک چکوال کے گائوں آمد

اسلام آباد (محمدصالح ظافر…خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم نوازشریف منگل کو کسی پیشگی اعلان کے بغیر اچانک چکوال کے نواحی گائوں بھربل پہنچے جہاں انہوں نے معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی کی اقامت گاہ پر ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی و مغفرت کیلئے دعا کی۔ اہل دیہہ کو وزیراعظم کی یوں اچانک آمد کا پتہ چلا تو وہ جامی کے گھر کے قریب یکجا ہوگئے اور انہوں نے نوازشریف کی حمایت میں زوردار نعرے لگانے شروع کردیئے۔ سیاستدان ہونے کے ناتے سے نوازشریف ان نعروں سے لاتعلق نہ رہ سکے، وہ فاتحہ خوانی کے بعد سیدھے ان کے پاس گئے اور چند سیاسی اعلانات کے بعد بچوں کی جانب متوجہ ہوگئے۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں نئے اطوار اختیار کرلئے ہیں، وہ کسی بھی تقریب میں بچوں اور نوجوانوں کو دیکھ کر ان سے ہمکلام ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ یہاں بھی انہوں نے بچوں سے مکالمہ کیا اور ان سے کہا کہ بھولے بھالے بچو اور بچیو! اللہ تعالیٰ سے دعا کرو کہ وہ پاکستان پر خاص کرم فرمائے اور اس کے عوام پر رحمت کرے، اس پر وہاں موجود تمام لوگوں نے بلند آواز میں آمین کہا۔ نوازشریف نے اس پر اکتفا نہ کیا اور بچوں سے پوچھا کہ کیا آپ دعا کروگے، بچوں نے بیک آواز میں کہا کہ جی ہاں۔ اللہ پاکستان کو ترقی دے، یہ سننے کے بعد وزیراعظم نوازشریف جو اس اجتماع کو دیکھ کر مسرور ہوئے تھے، آسمان کی جانب انگشت شہادت کے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بچوں کی دعائیں ضرور سنتا ہے اور یہ مقبول ہوتی ہیں۔
تازہ ترین