لاہور (مانیٹرنگ سیل) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست نمٹا تے ہوئے حکم دیا ہے کہ نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے پہلے آگاہ کرے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ انکے وکیل نے دلائل دئیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت کسی بھی ملزم کو گرفتاری سے 10 دن پہلے آگاہ کیا جائے گا۔بنچ کے سربراہ جسٹس محمد طارق عباسی کے استفسار پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے کسی بھی انکوائری میں وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ابھی وارنٹ ہی جاری نہیں کئے گئے تو آپ کی درخواست پر پیشرفت کیسے ہو سکتی ہے؟ عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی اور نیب کو ہدایت کی کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے 10 روز قبل درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے۔