• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وزیر اعظم کا غیر پیشہ ورانہ انداز افسوسناک ہے‘

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک سیاسی مخالفین کیخلاف باتیں کرکے اپنے ہی ملک کی بدنامی کرتے ہیں ،ان کا اس غیر پیشہ ورانہ انداز سے خارجہ پالیسی چلانا افسوسناک ہے۔


گلگت میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری وزیر اعظم عمران خان پر پھٹ پڑے ۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب بیرون ملک اندرونی سیاست پر بات کرنے کی روایت نہیں توڑیں گے تو میں بھی اپنی زبان استعمال کروں گا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بیرون ملک وفاق کی نمائندگی کریں، وہ کمزور اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی نے آمروں کا مقابلہ کیا، اس کٹھ پتلی کا بھی مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چوری سے ووٹ لے کر حکومت بنائی ہے، ملک کی معاشی صورتحال دن بدن خراب ہورہی ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، وفاقی حکومت غریب دشمن پالیسی بند کرے۔

بلاول نے کہا کہ حکومت تجاوزات کے نام پر دکانیں توڑ رہی ہے، یہ غریب دشمن حکومت ہے، مشکل فیصلے کرنے سے پہلےغریب عوام کو بچانے کا سوچنا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا، یہ سلسلہ انتقامی سیاست کا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ عمران خان بہت غیر محفوظ لیڈر ہیں اور ان کی حکومت بہت کمزور ہے، وہ اپنے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بناکر دباؤ میں لانا چاہتے ہیں تاکہ ہم مخالفت نہ کریں لیکن پی پی بہادر جماعت ہے، ہم نے ضیاء اور مشرف جیسے آمر کا مقابلہ کیا، اس کٹھ پتلی کا بھی مقابلہ کریں گے۔

تازہ ترین