• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیم فنڈ، جیو نیوز انٹرنیشنل پر خصوصی ٹیلی تھون نشریات آج ہونگی،چیف جسٹس ثاقب نثار مہمان خصوصی ہونگے

چیف جسٹس اور وزیراعظم پاکستان کے قائم کردہ دیا میر بھا شا ڈیم فنڈ کیلئے عطیات جمع کرنے کی خاطر جیونیوز انٹرنیشنل جمعہ کو لائیو ٹیلی تھون نشریات کا خصوصی اہتمام کررہا ہے۔ ”ڈیم اپیل پاکستان“ کے عنوان سے سب سے بڑی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کا آغاز شام 7بجے UK میں Sky چینل723 پر اور دوپہر 2 بجے سے USA میں چینل نمبر 681 پر DISH نیٹ ورک پر ہوگا۔ وطن سے دور رہنے والے تمام پاکستانیوں کو اپنے وطن کی خدمت اور محبت کے اظہار کا موقع دینے کیلئے جنگ اور جیو گروپ نے 4گھنٹے کا اپنا پرائم ٹائم کونٹینٹ ہٹا کر خاص طور پر اس ٹیلی تھون کا اہتمام کیا ہے ۔ جنگ جیو گروپ اس عظیم مقصد کیلئے کی جانے والی ٹیلی تھون اور اس کی پروموشن اور اشتہارات کی مد میں جو 63 ہزار پاؤنڈ کی رقم بنتی ہے وہ خرچ کرے گا جو ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ ہوگی۔ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈیم کی تعمیر کیلئے عطیات کے ذریعے اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ مانچسٹر سے براہ راست نشر کی جانے والی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جناب میاں محمد ثاقب نثارمہمان خصوصی ہوں گے۔ ڈیم فنڈ کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کا خصوصی پیغام بھی اس نشریات کا حصہ بنے گا۔ سینئر صحافی ، تجزیہ کار اور اینکر حامد میر میزبانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی اس نشریات میں شامل کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل باکسر عامر خان، برطانیہ میں پاکستانی نژاد بزنس مین انیل مسرت، گلوکار یاسر اختر، نوشین خان، نعیم بخاری اور دیگر مشہور شخصیات بھی اس نشریات میں ڈیم فنڈ کیلئے عطیات جمع کریں گی۔ تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ”ڈیم بناؤ ۔ پاکستان بچاؤ“ مہم کیلئے آگے بڑھیں اور پاکستان کی مدد کیلئے اپنا حصہ شامل کریں ۔ فنڈ ٹیلی تھون کے حوالے سے مزید معلومات کیلئےwww.damappeal.comاور www.geo.tv/ukپر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین